پنجاب بھر کے اضلاع میں “پیرا فورس “کی تعیناتی سےمحکموں میں بہتری آئے گی، ایم پی اے ملک منصور افسر

بدھ 16 جولائی 2025 21:40

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جولائی2025ء) صوبائی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے رکن و پاکستان مسلم لیگ کے رکن پنجاب اسمبلی ملک منصور افسر نے کہا ہے کہ پنجاب بھر کے اضلاع میں “پیرا فورس” کی تعیناتی سے تمام محکموں میں بہتری آئے گی،عوامی شکایات کا ازالہ ڈیجیٹل ٹریکنگ سسٹم کے تحت ہوگا،ٹریفک مسائل اور تجاوزات کا خاتمہ یقینی بنایا جا سکے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو ’’اے پی پی ‘‘سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (پیرا)کا قیام عمل میں لا کر اس کا افتتاح کردیا ہےاورپنجاب بھر میں بلدیاتی،ماحولیاتی ،تعمیراتی ،صفائی ،ٹریفک کے علاوہ تجاوزات سے متعلق تمام امور کی مانیٹرنگ کی جائے گی اور اگر عوام کو کسی بھی محکمہ کے بارے میں شکایات ہوں گی تو پیرا کے ذریعے ان کا اندراج ہوگا جن کا ازالہ ڈیجیٹل ٹریکنگ سسٹم کے تحت بروقت کیا جاسکے گا۔ملک منصور نے کہا کہ پیرا فورس جدید ترین ٹیکنالوجی سے لیس ہوگی جو ظالم کے خلاف اور مظلوم کا ساتھ دے گی جبکہ قانون ِشکن کے لئے شکنجہ مزید سخت کیا جائے گا۔