سرمایہ کاروں کو سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے صوبائی حکومت فعال اقدامات اٹھا رہی ہے ،چیف سیکرٹری بلوچستان

بدھ 16 جولائی 2025 22:40

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جولائی2025ء)چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی زیر صدارت بوستان سپیشل اکنامک زون کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا جس میں سرمایہ کاروں کو سہولیات کی فراہمی کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس سے اظہار خیال کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کہ سرمایہ کاروں کو سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے صوبائی حکومت فعال اقدامات اٹھا رہی ہے تاکہ ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کا اعادہ کیا ہے۔ صوبے میں کاروباری ماحول کو بہتر بنانے اور سرمایہ کاری میں آسانی پیدا کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بجلی، پانی، اور دیگر بنیادی سہولیات کو بہتر بنا کر اکنامک زونز کو فعال کیا جا رہا ہے تاکہ سرمایہ کاری کا ماحول سازگار ہو۔

(جاری ہے)

بوستان اکنامک زون میں سڑکیں وغیرہ مکمل کئے ہیں گیس کی پائپ لائن بچھا دی گئی ہے اور رواں سال ریل کی کنیکٹیویٹی بھی مکمل کی جائے گی اس کے علاؤہ صوبائی حکومت نے بوستان اکنامک زون کے لئے بجلی کی فراہمی کے لیے بھی منظوری دی ہے جس کے تحت 5 سے 10 میگا واٹ سولر انرجی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گاتاکہ وہاں کے صنعتی منصوبے فعال ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ان اقدامات کا مقصد پاکستان میں بیرونی اور ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینا، معیشت کی ترقی کو مضبوط کرنا، اور کاروباری ماحول کو سرمایہ کاروں کے لیے دوستانہ بنانا ہے۔ اجلاس میں سیکرٹری انڈسٹریز خالد سرپرہ اور وائس چیئرمین بی بی او آئی ٹی بلال کاکڑ نے شرکت کی۔