نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار(کل) افغانستان کا ایک روزہ دورہ کریں گے

جمعرات 17 جولائی 2025 14:10

نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار(کل) افغانستان کا ایک ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2025ء) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار (کل )جمعرات 17 جولائی 2025 کو ازبکستان،افغانستان، پاکستان(یو اے پی) ریلوے منصوبے کے مشترکہ فزیبلٹی مطالعہ کے فریم ورک معاہدے پر دستخط کے لئے افغانستان کے دارالحکومت کابل کا ایک روزہ دورہ کریں گے۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق نائب وزیراعظم/وزیر خارجہ کے ہمراہ اعلی سطحی وفد بھی ہوگا جس میں وزیر ریلوے، افغانستان کے خصوصی نمائندے/معاون خصوصی برائے وزیراعظم اور سیکرٹری ریلوے شامل ہیں۔

یو اے پی ریلوے منصوبے کا مقصد ازبکستان کو افغانستان کے راستے پاکستان سے ریل کے ذریعے منسلک کرنا اور وسط ایشیائی ممالک کو پاکستانی بندرگاہوں تک رسائی فراہم کرنا ہے۔

(جاری ہے)

یہ منصوبہ علاقائی تجارت اور ٹرانزٹ کو آسان بنا کر خطے میں استحکام، ترقی اور خوشحالی کو فروغ دے گا۔ نائب وزیراعظم/وزیر خارجہ کا یہ دورہ پاکستان کی اس منصوبے کے کامیاب تکمیل کے لیے بھرپور عزم کا عکاس ہے۔

کابل میں تینوں ممالک کے درمیان مشترکہ فزیبلٹی مطالعہ کے فریم ورک معاہدے پر دستخط اس کی عملی تکمیل کی جانب ایک اہم قدم ہوگا۔ دورے کے دوران نائب وزیراعظم/وزیر خارجہ افغانستان کے قائم مقام وزیر خارجہ سے ملاقات کریں گے اور افغانستان کے قائم مقام وزیراعظم سے بھی بات چیت کریں گے، جس میں دونوں ممالک کے باہمی تعلقات اور علاقائی و بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال ہوگا۔