ملک دشمن عناصر ہماری قومی یکجہتی کو سبوتاژ کرنے پر تلے ہیں، حافظ احمدعلی

جمعرات 17 جولائی 2025 19:58

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جولائی2025ء)جمعیت علمائے اسلام پاکستان (رابطہ) کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل حافظ احمد علی نے کہا ہے کہ کوئٹہ میں حالیہ دہشتگردی کا واقعہ انتہائی افسوسناک، شرمناک اور انسانیت سوز ہے، جس میں دیگر شہداء کے ساتھ معروف قوال اور ثناء خوان مصطفی بھی دہشتگردی کی بھینٹ چڑھ گئے، ایسے واقعات سے ثابت ہوتا ہے کہ ملک دشمن عناصر ہمارے امن، ثقافت، دین اور قومی یکجہتی کو سبوتاژ کرنے پر تُلے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں بھی صورتحال بدستور تشویشناک ہے، ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کلاچی میں پولیس اہلکاروں پر حملہ، بنوں میں خفیہ اطلاع پر دہشتگردوں کے خلاف کارروائی، اور باجوڑ میں سڑک کنارے بم دھماکے جیسے واقعات، ان تمام وارداتوں نے اس بات پر مہر ثبت کر دی ہے کہ دہشتگردی کی نئی لہر منظم انداز میں ملک پر مسلط کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

ایسے ماحول میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مکمل قومی حمایت، اعتماد، وسائل اور سیاسی استحکام کی اشد ضرورت ہے۔ ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ شہداء کے لواحقین کو فوری انصاف، مالی معاونت اور تحفظ فراہم کیا جائے۔ حافظ احمد علی کے ہمراہ جے یو آئی یوتھ ونگ کراچی کے صدر رانا محمد صابر بھی موجود تھے، جنہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر اس کی روح کے مطابق مکمل عملدرآمد وقت کی سب سے اہم ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام ہر قسم کی دہشتگردی کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہداء کے اہل خانہ کے ساتھ اظہار تعزیت و یکجہتی کرتی ہے۔ یہ ملک اسلام کے نام پر بنا ہے، اور یہاں ایسے بزدلانہ حملے کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ ہماری ثقافت، ہمارے علما، ہمارے نوجوان، اور ہمارے سیکیورٹی ادارے ان شاء اللہ دشمن کے ہر وار کو ناکام بنائیں گے۔