معیشت کا پہیہ چلتا رہے گا توملک ترقی کی طرف بڑھے گا‘گورنر پنجاب

ْکاروباری سرگرمیوں میں وسعت سے لوگوں کو روزگار کے نئے مواقع میسر آتے ہیں‘سردار سلیم حیدر

جمعرات 17 جولائی 2025 19:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جولائی2025ء)گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ تاجر اور صنعت کار کا قومی معیشت میں اہم کردار اہم ہے،کاروباری سرگرمیوں میں وسعت سے لوگوں کو روزگار کے نئے مواقع میسر آتے ہیں،معیشت کا پہیہ چلتا رہے گا توملک ترقی کی طرف بڑھے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس لاہور میں تاجروں پر مشتمل وفدسے ملاقات کے دوران کیا جنہوں نے پیپلز ٹریڈ ونگ کے کوآرڈینیٹر عمر سلیم کی قیادت میں ان سے ملاقات کی ۔

وفد میں قصور، رحیم یار خان، وہاڑی، سرگودھا اور ننکانہ چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے تاجر رہنما اور فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نمائندے شامل تھے۔گورنر پنجاب سردارسلیم حیدر خان نے کہا کہ کاروباری افراد محب وطن پاکستانی ہیں جومشکل حالات میں ملک کی معیشت میں مثبت کردار ادا کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملک میں کاروبار کے لیے سازگار مواقع پیدا کرنا معاشی ترقی کے لیے بہت اہم ہے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ معیشت کا پہیہ چلتا رہے گا تو ملک ترقی کی طرف بڑھے گا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پنجاب چیمبرز سے منسلک کاروباری افراد ملکی معیشت کی ترقی اور استحکام میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔انہوں نے کہا یہ بھی حقیقت ہے کہ تاجر برادری ملک کو بہت بڑا ریوینیو فراہم کرتی ہے۔گورنر پنجاب نے مزیدکہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ کاروبراری افراد کے ساتھ کھڑی رہی ہے۔

اس موقع پر کاروباری افراد نے گورنر پنجاب کو انہیں درپیش مختلف مسائل سے آگاہ کیا۔ وفد نے حالیہ بجٹ میں کاروباری طبقے پر عائد شق 20،21،22، 388 ,37AA پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔گورنر پنجاب نے تاجروں کے مسائل کو صدر مملکت، وزیراعظم پاکستان، اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری تک پہنچانے کی یقین دہانی کرائی۔