خیبرپختونخواہ اسمبلی کی مخصوص نشستوں کے اراکین نے حلف اٹھا لیا

چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ نے حلف برداری کے لیے گورنر خیبرپختونخواہ فیصل کریم کنڈی کو نامزد کیا تھا

Sajid Ali ساجد علی اتوار 20 جولائی 2025 19:16

خیبرپختونخواہ اسمبلی کی مخصوص نشستوں کے اراکین نے حلف اٹھا لیا
پشاور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 جولائی 2025ء ) صوبہ خیبرپختونخواہ کی مخصوص نشستوں پر منتخب ہونے والے اراکین نے حلف اٹھا لیا۔ تفصیلات کے مطابق پشاور ہائیکورٹ کے حکم پر گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے مخصوص نشستوں پر منتخب ہونے والے اراکین سے حلف لے لیا کیوں کہ چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ نے مخصوص نشستوں پر حلف برداری کے لیے گورنر خیبرپختونخواہ فیصل کریم کنڈی کو نامزد کیا تھا، جس کے باعث گورنر ہاؤس پشاور میں حلف برداری کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جہاں تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جس کے بعد گورنر فیصل کریم کنڈی نے مخصوص نشستوں پر منتخب ہونے والے 25 اراکین سے حلف لیا۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا کہ آج خیبر پختونخواہ اسمبلی کا اجلاس سپیکر اسمبلی کی طرف سے منسوخ کرنے کی وجہ سے نو منتخب خواتین اور اقلیتی نشستوں کے منتخب ارکان اپنے عہدے کا حلف نہیں لے سکے تھے، اس حوالے سے الیکشن کمیشن نے چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ کو ایک مراسلہ ارسال کیا تھا جس میں درخواست کی گئی کہ کسی مناسب فرد کو حلف برداری کے لیے نامزد کیا جائے۔

(جاری ہے)

ای سی پی کی جانب سے بتایا گیا کہ جس کے بعد خیبر پختو نخواہ کے گورنر جنہیں پشاور ہائیکورٹ کی جانب سے حلف لینے کے لیے حال ہی میں نامزد کیا گیا انہوں نے مخصوص نشستوں کا حلف لیا، جب کہ مورخہ 21 جولائی 2025ء کو جرگہ ہال میں سینٹ انتخابات کا عمل 11 بجے شروع ہوگا، اس دوران الیکشن کمیشن نے خیبر پختونخواہ کے آئی جی پولیس، چیف سیکرٹری اور آئی جی فرنٹیئر کانسٹیبلری کو فول پروف سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے ہدایات جاری کی ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔