پاکستان استحکام اور ترقی کی جانب گامزن،حکومت عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے، احسن اقبال

اتوار 20 جولائی 2025 22:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جولائی2025ء) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہےکہ پلاننگ کمیشن تقریباً پیپر لیس ہو چکا ہےجو حکومتی کاموں کو مکمل ڈیجیٹلائز کرنے کی طرف ایک اہم قدم ہے۔اتوار کو نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سی ڈی ڈبلیو پی کی میٹنگز اب ڈیجیٹل طور پر منعقد کی جا رہی ہیں، دستاویزات اور مشاورت الیکٹرانک طریقے سے ہو رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایک پیپر لیس تھنک ٹینک بھی قائم کیا گیا ہے جو دنیا بھر کے پاکستانی ماہرین کو قومی منصوبہ بندی پر رائے اور تجاویز دینے میں شامل کرے گا۔انہوں نے کہا کہ منتقلی سے شفافیت اور آپریشنل کارکردگی میں اضافہ ہوگا جو پاکستان کی طرز حکمرانی کو جدید بنانے کے لیے حکومت کے وسیع تر وژن سے ہم آہنگ ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے خلاف جان بوجھ کر مہم چلائی گئی جس سے منصوبے کو نقصان پہنچا اور معاشی نقصان ہوا۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے چار سالہ دور میں ہمارا ملک بڑے پیمانے پر معاشی تباہی ،سیاسی عدم استحکام اور سفارتی سطح پر تنہائی کا شکار رہاتاہم وزیراعظم محمدشہبازشریف کی متحرک قیادت میں موجودہ حکومت کی دانشمندانہ پالیسیوں کی بدولت ملک اب معاشی استحکام کی جانب گامزن ہے جبکہ پاکستان کو سفارتی محاذ پر بھی نمایاں کامیابیاں ملی ہیں ۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ حکومت قومی خوشحالی کو یقینی بنانے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔