امریکی مسیحی تنظیم کی بھارت میں مذہبی اقلیتوں پر ظلم وستم کی مذمت

پیر 21 جولائی 2025 16:45

کنساس سٹی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جولائی2025ء) امریکہ میں یونائیٹڈ چرچ آف کرائسٹ(یو سی سی) کی پینتیسویں جنرل کونسل نے اپنے ایک اجلاس میں بھارت میں مذہبی اقلیتوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے انہیں درپیش بڑھتے ہوئے ظلم وستم اور تشدد کی مذمت کے لئے ایک قرارداد منظور کی ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق''بھارت میں مذہبی اقلیتوں کے خلاف تشدد کا ردعمل ''کے عنوان سے یہ قرارداد دنیا بھر میں انصاف، انسانی حقوق اور مذہبی آزادی کے لئے تنظیم کے عزم کا اظہارہے۔

جنرل کونسل کا اجلاس ہر دو سال بعد منعقد ہوتا ہے اور اس میں ملک بھر سے ہزاروں یو سی سی ارکان شرکت کرتے ہیں۔یہ قرارداد خاص طور پر 2014میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے اقتدار میں آنے کے بعد بھارت میں عیسائیوں، مسلمانوں اوردیگر اقلیتوں کی حالت زار پر بڑھتی ہوئی تشویش کو ظاہر کرتی ہے۔

(جاری ہے)

یو سی سی نے وزیر اعظم نریندر مودی کے ہندو قوم پرست نظریے،انسداد تبدیلی مذہب کے قوانین، سیاسی لیڈروں کی طرف سے اشتعال انگیزبیانات اوربڑے پیمانے پر استثنیٰ کا حوالہ دیا۔

منی پور میں تباہ کن نسلی اور مذہبی تشدد کا خصوصی ذکرکیاگیا جہاں 70ہزارسے زائدلوگ بے گھر ہو چکے ہیں اور درجنوں گرجا گھروں کو تباہ کر دیا گیا ہے۔قرارداد میں کہاگیاکہ دنیا کی سب سے بڑی جمہورت بھارت میں عیسائی اور مسلمان جیسی مذہبی اقلیتیں مسلسل خوف اور خطرے میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں اور وفاقی اور ریاستی حکومتوں کی حمایت یافتہ ہندو قوم پرست تنظیمیں بھارت میں مذہبی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا ارتکاب کررہی ہیں۔

قرارداد میں امریکی محکمہ خارجہ سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ بھارت کو مذہبی آزادی کی منظم اور سنگین خلاف ورزیوں پرخصوصی تشویش کا حامل ملک قرار دے۔ قرارداد میں امریکی حکام پر بھی زور دیاگیاکہ وہ ان زیادتیوں کی مذمت کریں، انسانی حقوق کے دفاع کے لئے بھارت سے سفارتی سطح پر بات کریں اور ظلم و ستم کا سامنا کرنے والی مذہبی تنظیموں اور انسانی حقوق کے گروپوں کی مدد کریں ۔

یو سی سی نے اپنے اراکین کو اپنے کانگریسی نمائندوں سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی تاکہ وہ شہریت ترمیمی قانون اور ریاستی سطح پر تبدیلی مذہب کے خلاف قانون سازی سمیت بھارت کے امتیازی قوانین پر اپنی تشویش کا اظہار کریں۔اس اقدام سے یونائیٹڈ چرچ آف کرائسٹ، نیشنل کونسل آف دی چرچز آف کرائسٹ ان یو ایس اے (NCC)اور یونائیٹڈ میتھوڈسٹ چرچ سمیت دیگر بڑے امریکی مسیحی اداروں میں شامل ہوگئی جنہوں نے 2024میں بھارت میں مذہبی اقلیتوں کے خلاف تشدد کی مذمت میں ایسی ہی قراردادیں منظور کی ہیں۔