کشمیر اور پاکستان دو جسم ایک جان ہیںہمارا رشتہ کلمے اور اسلام کا ہے ۔محمد طاہر کھوکھر

بھارت نے کشمیریوں کے دل سے پاکستان کی محبت ختم کرنے کی ہر ممکن کوشش کی لیکن کامیاب نہ ہو سکا

پیر 21 جولائی 2025 16:59

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جولائی2025ء)پاسبانِ وطن پاکستان کے مرکزی صدر اور سابق وزیر سیاحت آزاد کشمیر محمد طاہر کھوکھر نے کہا ہے کہ کشمیر اور پاکستان کا رشتہ محض جغرافیائی نہیںبلکہ ایک نظریاتی دینی اور روحانی رشتہ ہے ہم پاکستانی قوم کا حصہ ہیںاور ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑے رہیں گے بھارت نے کشمیر پر جبری قبضہ کر رکھا ہے اور کشمیریوں پر ظلم و بربریت کی انتہا کر دی ہے۔

اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے طاہر کھوکھرنے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور کشمیری عوام نے اپنے خون سے اس رشتے کی لاج رکھی ہے ہزاروں کشمیری شہداء کی قربانیاں گواہ ہیں کہ کشمیر کبھی بھارت کا حصہ نہیں تھا اور نہ کبھی ہوگا کشمیری عوام آج بھی پاکستان کے سبز ہلالی پرچم کو اپنا پرچم سمجھتے ہیں اور پاکستان زندہ بادکے نعروں سے وادی کو گونجائے رکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارتی قابض فوج نے مقبوضہ کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل میں تبدیل کر رکھا ہے روزانہ کی بنیاد پر نوجوانوں کو ماورائے عدالت قتل کیا جاتا ہے گھروں کو نذرِ آتش کیا جاتا ہے خواتین کی بے حرمتی اور بزرگوں پر ظلم عام بات بن چکی ہے جب کہ انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں خاموش تماشائی بنی ہوئی ہیں۔طاہر کھوکھر نے کہا کہ بھارت نے 5 اگست 2019 کو مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر کے عالمی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی کی کشمیری عوام نے اس غیر قانونی اقدام کو مکمل طور پر مسترد کیا اور آج تک مزاحمت کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں جاری آزادی کی تحریک اب فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو چکی ہے اور وہ دن دور نہیں جب کشمیر آزاد ہوگا ۔انہوں نے عالمی برادری، اقوامِ متحدہ، او آئی سی اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کے ہاتھوں کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کا فوری نوٹس لیں اور کشمیری عوام کو حقِ خودارادیت دلوانے کے لیے سنجیدہ اور عملی اقدامات کریں۔

انہوں نے کہاکہ پاسبانِ وطن پاکستان کشمیری عوام کی آواز کو دنیا کے ہر فورم پر بلند کرتا رہے گا ہم پاکستان کی سالمیت، بقا اور کشمیریوں کی آزادی کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔طاہر کھوکھر نے کہا ہے کہ انڈیا کشمیریوں کا کھلا دشمن ہے جو گزشتہ 7 دہائیوں سے نہتے کشمیریوں پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑ رہا ہے بھارت کی ریاستی دہشتگردی انسانی حقوق کی خلاف ورزیاںاور جبر و تشدد کے باوجود کشمیری عوام اپنے اصولی موقف سے پیچھے نہیں ہٹے بھارت نے کشمیریوں کے دل سے پاکستان کی محبت ختم کرنے کی ہر ممکن کوشش کی لیکن کامیاب نہ ہو سکا۔

کشمیر اور پاکستان کا رشتہ کلمے، دین، ایمان اور خون کا ہے، جو ناقابلِ شکست ہے د کشمیری عوام پاکستان کے پرچم میں دفن ہونا باعث فخر سمجھتے ہیںانڈیا نہتے کشمیریوں پر ظلم کر رہا ہے مگر ان کے دل آج بھی پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔