ذ*پشتون قوم اس وقت تقسیم کے خطرناک مرحلے سے دوچار ہے ،نواب ایاز جوگیزئی

پیر 21 جولائی 2025 22:00

(زیارت (آن لائن) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹری نواب محمد ایاز خان جوگیزئی کی زیر صدارت ضلع زیارت کا اولسی جرگہ منعقدہوا۔ نواب محمد ایازخان جوگیزئی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پشتون قوم اس وقت تقسیم کے خطرناک مرحلے سے دوچار ہے ، اولسی جرگوں کا مقصد پشتونوں کے درمیان موجود حجرے ، جماعت ،زئی وخیلی اور مختلف سیاسی پارٹیوں میں ہونے کی وجہ سے دوری کا خاتمہ اور انہیں ایک پلیٹ فارم پر لاکر سب کو سُننا اپنے مسائل اور وسائل پر ایک دوسرے کے ساتھ بحث ومباحثہ صلاح ومشورے مثبت تنقید کا آزادانہ ماحول فراہم کرنا ہے تاکہ متفقہ ماحول میں ہر ایک اپنے اپنے خیالات کااظہار کرکے اپنے وطن کی معدنیات یہاں کے قیمتی جنگلات ،وسائل اور ان قیمتی پہاڑوں سمیت اپنی سرزمین کو بچاسکیں۔

(جاری ہے)

اگر چہ ہم کئی دہائیوں سے کہتے آرہے ہیں کہ پشتونخوا وطن کے وسائل پر طاقتور قوتوں کی نظر ہے اوروہ یہ سب کچھ ہم سے نہ صرف زبردستی چھیننا چاہتے ہیں بلکہ اب تو ان کی ہماری نسل کشی کے ارادے ہیں۔ پشتونوں کو جینے بھی نہیں دیا جارہا ہے۔ ہمیں اپنی حالات آپ بدلنے کا عہد کرلینا چاہیے۔ پشتون قوم اسی طرح تقسیم رہی تو سب کچھ سے ہاتھ دھونا پڑسکتا ہے ۔

باہمی اتحاد ،اتفاق ،یگانگت بھائی چارہ اور مل بیٹھ کر متفقہ فیصلوں کے ذریعے ہی دشمن کے خطرناک اراداوں کو ناکام کرسکتے ہیں۔ نواب محمد ایاز خان جوگیزئی نے کہا کہ ہمارا ملک پوری دنیا میں اپنی ناکام پالیسیوں کی بدولت یکا وتنہا ہوچکا ہے کسی دوست کو بھی نہیں چھوڑا گیا ۔ افغانستان اور افغانوں کے ساتھ جو کچھ کیا گیا سب کے سامنے ہے ۔ دنیا اس حد تک پہنچی ہے کہ لوگوں کو اپنے قریبی ریاستوں کے خلاف استعمال کرکے پیچھے ہٹ جاتے ہیں جس طرح یوکرائن کے ساتھ کیا گیا اُنہیں ایک مرتبہ روس کے خلاف اُکسایا پھر یک دم پیچھے ہٹ گئے یوکرائینی آج جس حالت کا سامنا کررہے ہیں وہ اذیت ناک ہے ۔

حکمران ہمارے وطن کا بھی سودا کرچکے ہیں اور دنیا کی طاقتور قوتوں کے ساتھ معاہدے کیئے جارہے ہیں دنیا کی تمام قیمتی معدنیات کا مرکز ہمارا وطن ہے اس لیے ہمیں تہہ تیغ کیا جارہا ہے ۔ نواب محمد ایاز خان جوگیزئی نے کہا کہ ہمارا ملک ورلڈ بنک اور آئی ایم ایف کا اربوں ڈالر قرض دار ہے جس قرضہ داری سے پنجاب میں ترقیاتی منصوبے میگا پروجیکٹس بنائے گئے ہیں جبکہ زیادہ رقم ملک کے سٹیبلشمنٹ اور ناحق حکمرانی میں شامل لوگوں کے کرپشن کی نذر ہوچکی ہیں ۔

آج جب دنیا ان سے اپنے سود سمیت قرضہ لینے کا مطالبہ کررہی ہے تو انہوں نے مختلف معاہدے کرکے ہمارے وطن کے پہاڑوں میں موجود معدنیات ان کے حوالے کیئے حالانکہ ورلڈ بنک اوار آئی ایم ایف کے قرضوں کا سواں حصہ بھی پشتونخواوطن میں استعمال نہیں ہوا ہے۔ ہم پوری دنیا کو بتانا چاہتے ہیں کہ غیر جمہوری ، غیر عوامی حکومتوں سے معاہدے کرینگے وہ اس وطن کے اصل مالکوں کو ناقابل قبول ہوں گی۔

اس لیئے تو لوگ لڑرہے ہیں جس طرح ہمارے آبائود اجداد نے وطن کے ذرے ذرے ، چپے چپے کے دفاع کے لیے اپنی سروں کے نذرانے پیش کیئے اسی طرح ہم سب کو اپنی سرزمین اپنی عال وعیال اپنے وطن، وسائل ،معدنیات، جنگلات ، زندگی اور اپنا مستقبل بچانے کے لیے ہمت کرنی ہوگی ۔ نواب محمد ایاز خان جوگیزئی نے کہا کہ پشتونخوا وطن کے تمام اضلاع میں جرگوں کا سلسلہ شروع کیا ہے اور اسے جاری رکھیں گے تاکہ ہم سب پہلے ایک دوسرے کو سُن کر پھر ایک متفقہ فیصلہ کریں اور نجات کی راہ اپنا لیں۔

نواب محمد ایاز خان جوگیزئی نے کہا کہ اپنے چھوٹے چھوٹے مسئلے ہمیں خود حل کرنا چاہیے ۔ سرکاری عدالتوں پر سے عوام کا اعتماد اُٹھتا جارہا ہے ہمیں اپنے چھوٹے چھوٹے فیصلے خود کرنے ہوں گے ۔ بااعتماد مشران کو جرگے کے ممبران بنا کر ان سے فیصلے کروائے جائیں۔ اس ملک میں سیاست اور صحیح جمہوری سیاست کی بنیادیں رکھنا مشکل ہی نہیں مشکل ترین کام ہے لیکن ہمارے اکابرین خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی سمیت دیگر اکابرین نے سخت حالات میں سیاست کی ۔

کیونکہ ہمیں یہ درپیش ہے ہمیں مجبوراً سیاست کرنی ہوگی ۔اولسی جرگہ سے پشتونخوامیپ کے مرکزی جنرل سیکرٹری عبدالرحیم زیارتوال ، جمعیت کے مرکزی رہنماء حاجی نصیر خان کاکڑ،پی ٹی آئی کے سینئر نائب صدر حاجی خیر الدین ،جمعیت علماء اسلام (نظریاتی) کے ضلع امیر مولانا عبدالمالک ، بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنماء عبدالرزاق دوتانی،پشتونخوامیپ کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری سردار حبیب الرحمن دومڑ،سردار قاسم خان سارنگزئی،سردار محمد اکبر خان ترین ،جمعیت علماء اسلام کے رہنماء مولانا کفایت اللہ صاحب، زیارت رابطہ کمیٹی کے صدر محمد یعقوب کاکڑ، پی ٹی آئی تحصیل سنجاوی کے صدر شراف الدین دومڑ، جمعیت علماء اسلام کے صاحبزادہ محب اللہ ، ڈاکٹر نظام الدین، ملک عبدالباری کاکڑ، ملک طارق دومڑ، مولانا نور احمد شاہ تارن،ملک جمعہ خان کاکڑ، پشتونخوامیپ ضلع زیارت کے ضلع ایگزیکٹیوز حاجی عبداللہ عرف مجلون آکا، ماسٹر محمد عظیم ، مولانا عبدالقادر ، چیئرمین عبدالکفیل ،مولانا جلال الدین ، اخونزادہ مولانا محمود ،ملک جمعہ خان دومڑ، ملک حبیب الرحمن سارنگزئی،ملک سلام خان ترین ،سردار عنایت اللہ صاحب،پشتونخوامیپ ضلع زیارت کے صدر سردار میروائس خان،پشتون تحفظ موومنٹ کے رہنماء جمیل پشتون،پی ٹی آئی کے ضلع زیارت کے صدر جان علیزئی ،نور محمد نورک پانیزئی، سردار صابر خان دومڑ،جمعیت کے ضلعی امیر مولانا نوراللہ ودیگرمقررین نے خطاب کیا۔

جبکہ تلاوت کلام پاک کی سعادت مفتی فضل الرحمن نے حاصل کی۔ سٹیج سیکرٹری کے فرائض پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری کبیر افغان ، جمعیت علماء اسلام ضلع زیارت کے نائب امیر مفتی فضل الرحمن ، پاکستان تحریک انصاف کے ضلع جنرل سیکرٹری سید مطیع اللہ شاہ نے سرانجام دیئے۔ اولسی جرگہ میں سیاسی جمہوری پارٹیوں کے مرکزی ،صوبائی اور ضلعی رہنمائوں سمیت قبائلی عمائدین ، علماء کرام اور زندگی کے ہر شعبہ سے تعلق رکھنے والے مختلف مکتبہ فکر کے نمائندگان نے شرکت کی ۔

اولسی جرگہ میں شرکت کے موقع پر نواب محمد ایاز خان جوگیزئی کا پرتپاک استقبال کیا گیا ۔ آخر میں مولانا صاحبزادہ محب اللہ نے دعائے خیر کی ۔ جرگہ کے اعلامیہ کے مطابق 25جولائی بروز جمعہ کو صبح 10بجے ضلع زیارت میں احتجاجی مظاہرہ وجلسہ ہوگاجس کی بھرپور تیاری کی جائیگی