گورنرسندھ کا پاکستانیوں کے لئے پانچ سالہ یو اے ای ویزہ کے اجراء پراماراتی سفیر کا شکریہ

منگل 22 جولائی 2025 17:20

گورنرسندھ کا پاکستانیوں کے لئے پانچ سالہ یو اے ای ویزہ کے اجراء پراماراتی ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جولائی2025ء)گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے پاکستانی شہریوں کے لئے متحدہ عرب امارات کی جانب سے پانچ سالہ ویزہ پالیسی کے اجراء پر اماراتی سفیر حماد عبید الزہبی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے تعلقات کئی دہائیوں پر محیط ہیں اور وقت کے ساتھ ساتھ یہ رشتہ مزید مضبوط ہوتا جا رہا ہے۔

یہ بات انہوں نے گورنر ہاؤس کراچی میں یو اے ای کے سفیر سے ملاقات کے دوران کہی۔ ملاقات میں یو اے ای کے قونصل جنرل بخیط عتیق الرومیتھی بھی موجود تھے۔ اس موقع پر دوطرفہ تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان، خاص طور پر سندھ، متحدہ عرب امارات کے ساتھ تجارتی و معاشی تعلقات کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے۔

(جاری ہے)

اماراتی سفیر حماد عبید الزہبی نے گورنر سندھ اور ان کے اہل خانہ کو فریضہ حج کی ادائیگی پر مبارکباد دی اور کہا کہ پانچ سالہ ویزہ پالیسی کے اجراء میں گورنر سندھ کا اہم کردار رہا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ متحدہ عرب امارات پاکستان کو خطے میں ایک معاشی و دفاعی طاقت کے طور پر دیکھنے کا خواہاں ہے۔قونصل جنرل بخیط عتیق الرومیتھی نے بھی گورنر سندھ کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ گزشتہ دو ماہ سے پاکستانیوں کی بڑی تعداد امارات کا رخ کر رہی ہے، جنہیں ہر ممکن سہولیات اور معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔