پی ایم یوتھ پروگرام کے زیر اہتمام سکھر میں کرکٹ کے لئے دو روزہ ٹرائلز شروع

منگل 22 جولائی 2025 21:20

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جولائی2025ء) وزیراعظم یوتھ پروگرام اور لاہور قلندرز کے تعاون سے سکھر میں نوجوانوں سے کرکٹ کے لیے دو روزہ ٹرائلز کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ۔ پہلے دن سکھر، خیرپور، گھوٹکی، شکارپور اور دیگر اضلاع سے 15 سے 25 سال کی عمر کے سینکڑوں نوجوانوں نے ٹرائلز میں حصہ لیا، جبکہ دوسرے دن لڑکیوں کے ٹرائلز منعقد ہوں گے۔

اس موقع پر چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل سکھر سید کمیل حیدر شاہ، وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے کوآرڈینیٹر فہد شفیق اور لاہور قلندرز کے ہیڈ کوچ ریاض آفریدی نے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے تحت جاری ٹرائلز کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کی، ڈپٹی کمشنر سکھر ڈاکٹر ایم بی راجہ دہاریجو بھی ان کے ہمراہ تھے۔ چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل سکھر سید کمیل حیدر شاہ نے کہا کہ سکھر ڈویژن کے نوجوانوں سے ٹیلنٹ ٹرائلز لینے کے لیے کیمپ قائم کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لاہور قلندرز اور وزیراعظم یوتھ پروگرام کے ٹیلنٹ ہنٹ ٹیم کے منتظمین یہاں ٹیلنٹ ڈھونڈنے آئے ہیں جس پر ان کے مشکور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نہ صرف سکھر بلکہ پورے سندھ میں ہم ان کے ساتھ مکمل تعاون کے لیے تیار ہیں۔ چیئرمین ضلع کونسل سکھر نے کہا کہ سندھ کے لوگ سمجھتے ہیں کہ انہیں ایسے مواقع نہیں ملتے، لیکن اب سندھ سے بھی ٹیلنٹ نکلے گا۔

چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل سکھر نے یقین دہانی کرائی کہ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کامیاب ہوگا، جس کے لیے ہمارا مکمل تعاون حاصل ہوگا۔ وزیراعظم یوتھ پروگرام سندھ کے کوآرڈینیٹر فہد شفیق نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ شدید گرمی کے باوجود نوجوان کرکٹ کے لیے ٹرائلز دے رہے ہیں، کمیل حیدر شاہ نے سکھر میں مکمل تعاون کیا ہے، جس پر ہم ان کے مشکور ہیں۔

فہد شفیق نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ سندھ حکومت کی طرف سے ہمیں پوری مدد ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ سندھ کے بچے بھی قومی اور عالمی سطح پر کھیلیں۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں بھی سندھ حکومت، ڈسٹرکٹ کونسل سکھر اور وزیراعظم یوتھ پروگرام مل کر نوجوانوں کے لیے پروگرام ترتیب دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے ہر شہر، علاقے کے بچوں کو تمام کھیلوں میں مواقع دئیے جائیں گے۔

انہوں نے نوجوانوں کے لیے مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم ڈجیٹل ہب آن لائن ایک پلیٹ فارم ہے، جہاں نوجوان اپنے لیے مواقع تلاش کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے جس بھی شہر میں نوجوانوں کو ضرورت ہوگی، ہم وہاں مل کر مواقع فراہم کریں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ شاہنواز ڈاہانی کا فٹنس کا مسئلہ ہے، انہیں کبھی نظرانداز نہیں کیا گیا۔

لاہور قلندرز کے ہیڈ کوچ ریاض آفریدی نے کہا کہ لاہور قلندرز اور وزیراعظم یوتھ پروگرام کی ٹیلنٹ ہنٹ مہم کامیابی سے جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں ٹرائلز لیتے ہوئے پانچ ٹیمیں بنائی گئی ہیں، بلوچستان کی پانچ ٹیموں کا ٹورنامنٹ کروایا جائے گا، پھر ایک مشترکہ ٹیم بنائی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسی طرح سندھ میں بھی پانچ ٹیموں کا ٹورنامنٹ کروایا جائے گا اور ان میں سے بہترین کھلاڑی منتخب کیے جائیں گے۔

ریاض آفریدی نے کہا کہ یہاں بہت زیادہ ٹیلنٹ ہے، ہونہار نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے مواقع ضرور ملنے چاہئیں۔ لاہور قلندرز کے کوچ ریاض آفریدی نے مزید کہا کہ ہمیں یہاں 140کلومیٹر/ آور کی رفتار سے بولنگ کرنے والے بولر ملے ہیں، جبکہ اچھے بلے باز بھی ملے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کل (23 جولائی) یہاں لڑکیوں کے ٹرائلز بھی ہوں گے اور ہم چاہتے ہیں کہ انہیں بھی بھرپور موقع ملے۔