بزرگ سیاستدان میاں اظہر کی نماز جنازہ ادا، حماد اظہر روپوشی ختم کرکے شریک ہوئے

وزیراعظم شہباز شریف اور مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف نے سابق گورنر پنجاب کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا

Sajid Ali ساجد علی بدھ 23 جولائی 2025 13:48

بزرگ سیاستدان میاں اظہر کی نماز جنازہ ادا، حماد اظہر روپوشی ختم کرکے ..
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 جولائی 2025ء ) بزرگ سیاستدان میاں اظہر کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر طویل عرصے کی روپوشی کے بعد اپنے والد میاں محمد اظہر کی نماز جنازہ میں شرکت کے لیے اپنی رہائش گاہ پر پہنچے، حماد اظہر 9 مئی کے مقدمات کے باعث کئی ماہ سے مفرور تھے تاہم والد کے انتقال پر وہ منظر عام پر آئے اور ان کی آمد کے بعد میاں محمد اظہر کی نماز جنازہ ادا کردی گئی، نمازہ جنازہ میں تحریک انصاف کے رہنماؤں و دیگر سیاستدانوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

سابق وزیراعظم نواز شریف نے میاں محمد اظہر کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا، نواز شریف نے کہا کہ ’میاں اظہر کے والد اور ان کے والد میاں محمد شریف کے درمیان دیرینہ تعلق تھا، اللہ تعالیٰ میاں محمد اظہر کی مغفرت فرمائے اور ان کے اہل خانہ کو صبر عطا کرے‘، اسی طرح وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی سابق گورنر پنجاب میاں محمد اظہر کے انتقال پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ ’اللہ تعالیٰ مرحوم کو جوارِ رحمت میں جگہ دے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے‘۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ سابق گورنر پنجاب اور پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما میاں محمد اظہر گزشتہ رات لاہور میں انتقال کر گئے، سابق گورنر پنجاب اور پی ٹی آئی کے سابق وفاقی وزیر حماد اظہر کے والد میاں اظہر منگل کی شب مختصر علالت کے بعد خالق حقیقی سے جاملے، میاں اظہر نے اپنے صاحبزادے حماد اظہر کی روپوشی کے باعث عام انتخابات 2024ء میں تحریک انصاف کے ٹکٹ پر لاہور سے الیکشن میں فتح حاصل کی تھی، تاہم علالت کے باعث وہ سیاسی سرگرمیوں سے دور رہے۔