Live Updates

وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پرپی ڈی ایم اے نے مون سون فیکٹ شیٹ جاری کر دی

بدھ 23 جولائی 2025 20:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جولائی2025ء) وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پرپی ڈی ایم اے نے مون سون فیکٹ شیٹ جاری کر دی ۔ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق فیکٹ شیٹ میں مون سون بارشوں کی صورتحال، پنجاب کے دریائوں، بیراجز اور ڈیمز میں پانی کی سطح اور نقصانات بارے اعداد و شمار شامل ہیں،گزشتہ 24 گھنٹوں میں پنجاب کے بیشتر اضلاع میں مون سون بارشیں ریکارڈ کی گئیں جبکہ25 جولائی تک مون سون بارشوں کا چوتھا سلسلہ جاری رہے گا۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایات کے پیشِ نظر صوبے بھر کی انتظامیہ اور متعلقہ محکموں کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق رواں سال اب تک مون سون بارشوں کے باعث 136 شہری جاں بحق، 158گھر متاثر اور 485شہری زخمی ہوئے، زیادہ تر اموات کچے مکانات،خستہ عمارتوں و چھتوں کے گرنے کے باعث ہوئیں،آسمانی بجلی گرنے، کرنٹ لگنے اور دریائوں میں نہاتے ہوئے ڈوبنے سے بھی اموات رپورٹ ہوئیں ۔

(جاری ہے)

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایات کے پیشِ نظر سوگوار خاندانوں کی مالی معاونت کی جا رہی ہے،پنجاب کے بیشتر دریائوں اور بیراجز میں پانی کا بہائو نارمل سطح پر ہے ،منگلا ڈیم میں 51 فیصد جبکہ تربیلا میں 79 فیصد پانی موجود ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ انڈین ڈیمز میں پانی کی سطح تقریبا 36 تک فیصد ہے،دریائے سندھ میں تربیلا، کالا باغ، چشمہ اور تونسہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے،دریائے چناب میں خانکی کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔

ڈی جی عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ ممکنہ سیلابی خطرے کے پیشِ نظر پی ڈی ایم اے کے انتظامات مکمل ہیں،لاہور، سیالکوٹ،فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں مون سون بارشوں سے اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے ،بڑے شہروں کی انتظامیہ ہنگامی صورتحال کے پیش نظر الرٹ رہے،پی ڈی ایم اے کنٹرول روم اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سنٹرز 24/7 صورتحال کو مانیٹر کر رہے ہیں۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے کی مزید ممکنہ بارشوں کے پیش نظر واسا و انتظامیہ کو نشیبی علاقوں سے پانی کی نکاسی یقینی بنانے کی ہدایات جاری،حکومت پنجاب کی جانب سے دریائوں، نہروں اور برساتی نالوں میں نہانے پر مکمل پابندی عائد ہے،خلاف ورزی کی صورت میں سخت ایکشن لیا جائے گا ۔ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ شہری خراب موسم میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں،بجلی کی تاروں اور کھمبوں سے دور رہیں ،مخدوش و بوسیدہ مکانات میں ہرگز رہائش نہ رکھیں اور ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129 پر کال کریں۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات