حقیقت سے منہ نہیں موڑ سکتے،پوری دنیا جانتی ہے صدر ٹرمپ نے پاک بھارت جنگ بندی کا اعلان کیاتھا،د راہو ل گاندھی

بدھ 23 جولائی 2025 21:50

نئی دلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جولائی2025ء) بھارت میں کانگریس پارٹی رہنماء اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی نے وزیراعظم نریندر مودی کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاہے کہ کوئی حقیقت سے منہ نہیں موڑ سکتا اور پوری دنیا جانتی ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے بھارت اور پاکستان کے درمیان جنگ بندی کا اعلان کیا تھا۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق راہول گاندھی نے نئی دلی میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ نریندر مودی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پاک بھارت کشیدگی میں بار بار جنگ بندی کے دعوئوں اور پاکستان کی طرف سے بھارت کے متعدد طیاروں کی تباہی پر مسلسل خاموشی اختیار کر رکھی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پوری دنیا جانتی ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت اور پاکستان کے درمیان جنگ بندی کرائی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ مودی جی اس سلسلے میں کوئی بیان کیسے دے سکتے ہیں؟ وزیراعظم کیا کہیں گے، صدرٹرمپ نے جنگ بندی کرائی ہے ؟ وہ نہیں کہہ سکتے، لیکن یہی سچ ہے۔ راہل گاندھی نے کہاکہ وزیر اعظم مودی نے ابھی تک صدرٹرمپ کے 25مرتبہ جنگ بندی کے دعوئوں کا ایک بھی جواب نہیں دیا ہے۔

انہوں نے مزیدکہاکہ نریندر مودی نے بھارت کی خارجہ پالیسی کو تباہ کر دیا ہے۔ پاک بھارت جنگ میں کسی ایک ملک نے بھی بھارت کاساتھ دیااور نہ ہی حمایت کی ۔کانگریس رہنماء نے کہاکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حال ہی میں اپنے اس دعوے کو دہرایا کہ انہوں نے بھارت اور پاکستان پر تجارتی معاہدے روکنے کا دبائو ڈال کر جنگ بندی کرائی۔ ٹرمپ نے کہا کہ ان کے کہنے پر، بھارت اور پاکستان ایک ایسی جنگ روکنے پر متفق ہوئے جو ممکنہ طور پر ایٹمی جنگ میں تبدیل ہو سکتی تھی۔

صدر ٹرمپ نے پاکستان کی طرف سے بھارت کے پانچ طیاروں کو مار گرانے کا بھی اعتراف کیا۔جاری آپریشن سندور اور اس آپریشن میں کامیابی کے مودی حکومت کے دعوئوں کو متضاد قراردیتے ہوئے راہول گاندھی نے کہاکہ صدر ٹرمپ نے 25مرتبہ جنگ بندی کرانے کا دعویٰ کیا ہے ۔تاہم وزیراعظم نریندر مودی مکمل طورپر خاموش ہیں ۔