پی ٹی آئی رہنماء راجہ بشارت گرفتار، تھانہ نیو ٹاؤن منتقل

راجہ بشارت اپنے وکیل کے ہمراہ الیکشن پیٹشن کی سماعت کیلئے الیکشن ٹریبونل میں پیش تھے باہر نکلتے ہی پولیس نے ان کی گاڑی کا گھیراؤ کرلیا اور گرفتار کرکے تھانے منتقل کر دیا، تمام مقدمات میں ضمانت پر ہیں ہم نے پولیس کو تمام ضمانت نامے دکھائے مگر پولیس نے گرفتار کر لیا، وکیل

Faisal Alvi فیصل علوی جمعرات 24 جولائی 2025 13:26

پی ٹی آئی رہنماء راجہ بشارت گرفتار، تھانہ نیو ٹاؤن منتقل
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24جولائی 2025)پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء راجہ بشارت کو اسلام آباد پولیس نے گرفتار کرلیا، پولیس نے انہیں گرفتار کرنے کے بعد اسلام آباد کے تھانہ نیو ٹاون منتقل کردیا،راجہ بشارت اپنے وکیل سردار عبدالرازق خان ایڈووکیٹ کے ہمراہ الیکشن پیٹشن کی سماعت کیلئے الیکشن ٹریبونل میں پیش تھے۔ ٹریبونل سے باہر نکلتے ہی پولیس نے ان کی گاڑی کا گھیراؤ کرلیا اور انہیں گرفتار کرکے تھانے منتقل کر دیا۔

پی ٹی آئی رہنماء  راجہ بشارت راولپنڈی NA55 کے کیس کی تاریخ پر آئے تھے۔پی ٹی آئی رہنماء کے وکیل سردار عبد الرازق کااس موقع پر کہناتھاکہ راجہ بشارت تمام مقدمات میں ضمانت پر ہیں۔ ہم نے پولیس کو تمام ضمانت نامے دکھائے مگر پولیس نے گرفتار کر لیا۔

(جاری ہے)

پولیس ٹیم نے کہا کہ ہمیں گرفتاری کا حکم ہے جو کہنا ہے تھانہ نیو ٹاؤن آکر افسران سے کہیں۔ راجہ بشارت کی وکلا ٹیم بھی ضمانت ناموں سمیت تھانہ نیو ٹاؤن پہنچ گئی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے راجا بشارت کاکہناتھاکہ تمام مقدمات میں ضمانت کنفرم ہے۔ ان اوچھے ہتھکنڈوں سے گھبرانے والے نہیں ہیں۔خیال رہے کہ اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف کے رہنما راجہ بشارت نے جوڈیشل کمپلیکس حملہ اور توڑ پھوڑ کے مقدمات عدالت میں سرنڈر کردیاتھا۔راجہ بشارت کی جانب سے وارنٹ گرفتاری کی منسوخی کیلئے انسداد دہشت گردی عدالت درخواست دائر کی گئی تھی۔

جوڈیشل کمپلیکس حملہ اور توڑ پھوڑ کے دو مقدمات میں وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کے معاملے پر پی ٹی آئی رہنما نے دونوں مقدمات میں عدالت میں سرنڈر کردیاتھا۔عدالت نے پی ٹی آئی رہنما کی وارنٹ منسوخی کی درخواست منظور کرلی تھی۔عدالت نے جوڈیشل کمپلیکس حملہ،ٹوڑ پھوڑ کے مقدمات کے جیل ٹرائل کیلئے متعلقہ وزارت کو خط لکھ رکھا تھا۔ بانی پی ٹی آئی سمیت دیگر پارٹی رہنماوں کیخلاف جوڈیشل کمپلیکس حملہ توڑ پھوڑ پرتھانہ رمنا میں مقدمات درج تھے۔

جوڈیشل کمپلیکس حملہ کیس میں انسدادِ دہشت گردی عدالت نے پی ٹی آئی رہنما مراد سعید، حماد اظہر اور فرخ حبیب کو اشتہاری قرار دے دیا تھا جبکہ عدالت نے واثق قیوم عباسی، راجہ بشارت سمیت دیگر غیر حاضر ملزمان کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری کئے تھے۔