ڈپٹی کمشنر سوات سے وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے علمائے کرام ،نمائندہ وفد سے ملاقات

علمائے کا چالیار خوازہ خیلہ میں پیش آنیوالے افسوسناک واقعے پر اظہار افسوس،مجرم سے لاتعلقی کا اعلان

جمعرات 24 جولائی 2025 19:25

سوات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جولائی2025ء)ڈپٹی کمشنر سوات سلیم جان سے وفاق المدارس العربیہ پاکستان ضلع سوات کے علمائے کرام اور نمائندہ وفد نے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ملاقات کے دوران علمائے کرام نے چالیار خوازہ خیلہ میں پیش آنے والے حالیہ افسوسناک واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور مجرم سے مکمل لاتعلقی کا اعلان کیا۔

ملاقات میں صوبائی ناظم وفاق المدارس العربیہ پاکستان مولانا حسین احمد، معاون ناظم مولانا قاری محب اللہ، رکن عاملہ مولانا محمد طاہر، مولانا حجت اللہ، قاری فتحت اللہ، مولانا حفیظ الرحمن اور دیگر معزز علمائے کرام شریک ہوئے۔مولانا حسین احمد نے وفد کی نمائندگی کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ نہایت دلخراش اور افسوسناک ہے، جس پر نہ صرف تمام علمائے کرام بلکہ اہلِ سوات اور ہر باشعور فرد شدید رنجیدہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم شہید بچے کے لواحقین کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں، اور اس ظلم کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ ہم علی الاعلان کہتے ہیں کہ اس گھنانے جرم کے مرتکب شخص سے ہمارا کوئی تعلق یا تعاون نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ معاشرے کی اصلاح اور دینی تعلیم کے فروغ میں رجسٹرڈ دینی مدارس اور وفاق المدارس العربیہ پاکستان کا کردار ہمیشہ سے مثبت اور قابلِ قدر رہا ہے، اور آئندہ بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا۔

انہوں نے اس افسوس کا اظہار کیا کہ ایک فرد کے غیر انسانی فعل کی وجہ سے تمام مدارس کی ساکھ متاثر ہوئی ہے، جو کہ انتہائی تشویشناک امر ہے۔علمائے کرام نے مطالبہ کیا کہ اس واقعے میں ملوث تمام مجرموں کو جلد از جلد گرفتار کر کے قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے۔ انہوں نے اس ضمن میں پولیس اور دیگر اداروں سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ علمائے کرام کی ایک نمائندہ کمیٹی تشکیل دی جائے گی جو متعلقہ سرکاری اداروں سے مسلسل رابطے میں رہے گی اور ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔

ڈپٹی کمشنر سوات سلیم جان نے علمائے کرام کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ دینی مدارس معاشرے کی اصلاح اور دینی علوم کے فروغ کا مرکز ہیں، اور علمائے کرام ہمیشہ اپنی خدمات خلوص نیت سے انجام دیتے آئے ہیں۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ اپنے بچوں کو مدارس میں داخل کروانے سے پہلے مدرسے کے انتظام و انصرام اور ماحول کے بارے میں مکمل معلومات حاصل کریں، اور وقتا فوقتا بچوں سے بھی ان کے تعلیمی ماحول اور اساتذہ سے متعلق پوچھ گچھ کرتے رہیں۔ملاقات کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر سوات نے تمام علمائے کرام کا شکریہ ادا کیا اور ملک و قوم کی سلامتی، امن و امان، اور معاشرتی ہم آہنگی کے لیے اجتماعی دعا کی گئی۔