ایشیا کپ میں پاک بھارت ٹاکرے کی تاریخ کا اعلان کر دیا گیا

روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں ستمبر کے دوسرے ہفتے میں آمنے سامنے آئیں گی

muhammad ali محمد علی ہفتہ 26 جولائی 2025 20:01

ایشیا کپ میں پاک بھارت ٹاکرے کی تاریخ کا اعلان کر دیا گیا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 26 جولائی 2025ء ) ایشیا کپ میں پاک بھارت ٹاکرے کی تاریخ کا اعلان کر دیا گیا، روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں ستمبر کے دوسرے ہفتے میں آمنے سامنے آئیں گی۔ تفصیلات کے مطابق ایشین کرکٹ کونسل کے صدر محسن نقوی نے ایشیاکپ کرکٹ ٹورنامنٹ 2025 کی تاریخوں کا اعلان کر دیا۔ ایشین کرکٹ کونسل کے سربراہ محسن نقوی کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ ایشیا کپ 9 سے 28 ستمبر تک متحدہ عرب امارات میں ہو گا۔

جبکہ ٹورنامنٹ کا شیڈول بھی جاری کر دیا گیا۔


ٹورنامنٹ کے شیڈول میں پاک بھارت میچ کی تصدیق بھی کر دی گئی۔ بتایا گیا ہے کہ ٹورنامنٹ کے پہلے راونڈ کے دوران پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں 14 ستمبر کو دبئی میں آمنے سامنے آئیں گی۔

(جاری ہے)

قبل ازیں کرکٹ ویب سائٹ کی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ ایشیا کپ پر تمام معاملات حل ہو گئے ہیں اور ٹورنامنٹ کا شیڈول اگلے 24 سے 48 گھنٹوں میں آسکتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس میں بی سی سی آئی نے ٹورنامنٹ کے شیڈول کے لیے وقت مانگا تھا۔ کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق ایشیا کپ میں کل 8 ٹیمیں شرکت کریں گی، ایشیا کپ کی مجوزہ ونڈو 10 سے 28 ستمبر کے درمیان رکھی گئی ہے اور ایشیا کپ کے شیڈول کے حوالے سے ابتدائی اعلان آج متوقع ہے۔ یاد رہے کہ ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ 2025ء کی میزبانی بھارت کے پاس تھی تاہم بھارتی ٹیم کے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان نہ آنے کے بعد پاکستان نے بھی واضح طور پر کہہ دیا تھا کہ ہم بھی ایشیا کپ کے لیے بھارت نہیں جائیں گے۔