آصف زرداری شہید ذوالفقار علی بھٹو ،شہید بینظیر بھٹو کے مشن کے سچے امین ہیں ،یوسف رضا گیلانی

ہفتہ 26 جولائی 2025 21:55

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جولائی2025ء)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ آصف علی زرداری شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے مشن کے سچے امین ہیں ،18ویں آئینی ترمیم صدر آصف علی زرداری کی قیادت کا تاریخی کارنامہ ہے۔چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے صدرِ مملکت آصف علی زرداری کی 70ویں سالگرہ کے موقع پر سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ آج پاکستان کے ایک عظیم سیاستدان، جمہوریت کے علمبردار، اور آئین کی بالادستی کے پٴْرجوش داعی، صدرِ مملکت آصف علی زرداری کی 70ویں سالگرہ ہے۔

اس موقع پر میں دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں اور ان کی صحت، درازیِ عمر، اور قومی خدمات میں مزید کامیابیوں کے لیے دعاگو ہوں۔

(جاری ہے)

سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری نہ صرف پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی شہید ذوالفقار علی بھٹو اور جمہوریت کی عظیم سپاہی شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے مشن کے امین ہیں بلکہ انہوں نے خود بھی جمہوریت کی بحالی اور استحکام کے لیے بے پناہ قربانیاں دیں۔

ان کی سیاسی بصیرت، صبر و تحمل، اور قومی مفاہمت کی پالیسی نے پاکستان کو نہ صرف بحرانوں سے نکالا بلکہ ایک نئے جمہوری دور کی بنیاد بھی فراہم کی۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری کی قیادت میں 18ویں آئینی ترمیم جیسے تاریخی اقدامات نے وفاق کو مضبوط کیا، صوبوں کو خودمختاری دی، اور پاکستان کو ایک مکمل جمہوری ریاست بنانے کی سمت گامزن کیا۔ ان کی دوراندیشی اور قومی یکجہتی کے فروغ میں کردار ناقابلِ فراموش ہے۔انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ صدر آصف علی زرداری کو صحت و سلامتی، خوشیوں بھری زندگی، اور ملک و قوم کی مزید خدمت کا حوصلہ عطا فرمائے۔