پہلگام حملے میں پاکستان کے ملوث ہونے کا کوئی ثبوت نہیں ہے حملہ آور بھارتی ہیں، سابق بھارتی وزیر داخلہ کا انکشاف

آخر بھارتی حکومت یہ کیوں سمجھتی ہے کہ وہ پاکستان سے آئے ہیں، حکومت بغیر کسی ثبوت کے یہ فرض کیوں کر رہی ہے کہ حملہ آور پاکستان سے آئے تھے؟ اگر ایسا ہے تو ثبوت کیوں نہیں پیش کئے گئے؟،پی جدمبرم کا بھارتی میڈیا کو انٹرویو

Faisal Alvi فیصل علوی پیر 28 جولائی 2025 10:57

پہلگام حملے میں پاکستان کے ملوث ہونے کا کوئی ثبوت نہیں ہے حملہ آور بھارتی ..
نئی دہلی(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28جولائی 2025)سابق بھارتی وزیر داخلہ پی جدمبرم نے انکشاف ہے کہ پہلگام حملے میں پاکستان کے ملوث ہونے کا کوئی ثبوت نہیں ہے حملہ آور بھارتی ہیں،حملہ آور وں نے بھارت کے اندر ہی دہشتگردی کی تربیت حاصل کی،آخر بھارتی حکومت یہ کیوں سمجھتی ہے کہ وہ پاکستان سے آئے ہیں،پی چدمبرم نے بھارتی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ کیا حکومت نے ان کے پاکستانی ہونے کی شناخت کی؟ حکومت بغیر کسی ثبوت کے یہ فرض کیوں کر رہی ہے کہ حملہ آور پاکستان سے آئے تھے؟ اگر ایسا ہے تو ثبوت کیوں نہیں پیش کئے گئے؟ انہوں نے کہا کہ اب تک نہ تو حملہ آوروں کو شناخت کیا گیا اور نہ ہی کوئی واضح گرفتاری سامنے آئی۔

چدمبرم کے انکشاف کے بعد بھارت کی جانب سے پاکستان پر لگائے گئے الزامات پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔

(جاری ہے)

آپریشن سندور پر پارلیمنٹ میں بحث کے دوران بی جے پی نے پی چدم برم کے بیان پر ہنگامہ کھڑا کر دیا، بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنماؤں نے سینئر کانگریسی رہنما کی جانب سے پہلگام پر پاکستان کو کلین چٹ دینے پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور مودی سرکار کا مؤقف دہرایا۔

حکومت پاکستان نے پہلگام واقعے کی ناصرف مذمت کی تھی بلکہ وزیراعظم شہباز شریف نے بھارت سے شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کیلئے ہر ممکن تعاون بھی پیشکش بھی کی تھی لیکن اس کے باوجود بھارت اب تک پہلگام واقعے کے حوالے سے پاکستان کے خلاف الزامات سے آگے نہیں جا سکا اور نا ہی اب تک معاملے کی تحقیقات مکمل ہو سکیں۔یاد رہے کہ اس سے قبل سابق بھارتی وزیر خارجہ یشونت سنہا نے پہلگام حملے میں پاکستان کو کلین چٹ دیدی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ پہلگام حملہ بہار کا الیکشن جیتنے کیلئے کروایا گیا تھا۔ اس سے پہلے پلواما حملہ بھی انتخابات سے پہلے ہوا تھا، تب اس کا پورا فائدہ مودی نے اٹھایا تھا۔ مودی نے انتخابی جلسوں میں پلواما میں مارے جانے والوں کے نام پر ووٹ مانگے تھے۔سابق بھارتی وزیر خارجہ یشونت سنہا نے ایک انٹرویو میں پہلگام ڈرامے کو مودی کی سازش قرار دیتے ہوئے کہا تھاکہ مودی نے انتخابی جلسوں میں پلواما کے ’شہیدوں‘ کے نام پر ووٹ مانگے تھے۔

ابھی یہ جو کچھ بھی ہوا (پہلگام حملہ) وہ بہار کے الیکشن کو ذہن میں رکھ کر سب کچھ کیا جارہا تھا۔یشونت سنہا نے مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھاکہ پہلگام حملے کے بعد پاکستان کے خلاف فوجی ردعمل کو بہار اسمبلی انتخابات کے پیش نظر انتخابی حربے کے طور پر استعمال کیا گیا تھا۔ ایسے واقعات صرف انتخابات کے وقت ہی ہوتے ہیں۔یشونت سنہا کایہ بھی کہناتھا کہ بھارتی حکومت اپنے مبہم اور من گھڑت بیانات کے پیچھے نہیں چھپ سکتی تھی۔

وزیراعظم مودی، وزیرخارجہ جے ایس شنکر، مشیر قومی سلامتی اجیت دوول پر جو ذمہ داریاں عائد ہوتی تھی۔ انہیں وہ پوری کرنی چاہئیں۔بھارتی سیاستدان نے یہ بھی کہا تھاکہ مودی حکومت قومی سلامتی کے مسائل کو انتخابی فائدے کیلئے استعمال کرتی ہے اور وزیراعظم نریندر مودی پلواما اور اڑی حملوں میں مرنے والوں کے نام پر ووٹ مانگتے تھے۔