امریکی صدر غزہ جنگ کے خاتمے کیلیے تمام کوششیں بروئے کار لائیں، صدر السیسی

ٹرمپ غزہ میں جاری جنگ کو ختم کرنے اور انسانی امداد کی ترسیل کے لیے تمام تر کوششیں کریں،اپیل

منگل 29 جولائی 2025 17:36

قاہرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جولائی2025ء)مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نے غزہ میں امدادی سامان کی فراہمی میں رکاوٹوں کے حوالے سے عائد الزامات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ مصر کے پاس غزہ کے لیے امدادی سامان لے جانے والے کئی ٹرک موجود ہیں، جو فلسطینی علاقے میں داخل ہونے کے لیے رفح کراسنگ کے کھلنے کا انتظار کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مصر کی طرف سے امداد کی ترسیل میں کسی قسم کی رکاوٹ نہیں ہے، کیونکہ مصر فلسطینی عوام کی اخلاقی اور قومی ذمہ داری کو بخوبی سمجھتا ہے۔

صدر السیسی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے درخواست کی کہ وہ غزہ میں جنگ کو روکنے اور امدادی سامان کی ترسیل کی راہ ہموار کرنے کے لیے اپنی تمام تر کوششیں بروئے کار لائیں۔ انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں اب وقت آ گیا ہے کہ اس جنگ کو ختم کیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ مصر اپنے قومی مفادات اور فلسطینی عوام کے حق میں ذمہ دارانہ کردار ادا کرتا رہے گا اور کبھی بھی کسی منفی رویے کو فروغ نہیں دے گا۔

صدر السیسی نے وضاحت کی کہ رفح کراسنگ کا آپریشن صرف مصر کی طرف سے نہیں، بلکہ اس کے ساتھ اسرائیل کے زیر کنٹرول فلسطینی علاقے کی طرف سے بھی کھلنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ مصر اس وقت جنگ کو روکنے، امدادی سامان پہنچانے اور قیدیوں کی رہائی کے لیے مذاکرات کر رہا ہے، جس میں قطر اور امریکہ بھی شامل ہیں۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مصر نے گذشتہ مہینوں میں غزہ کے لیے زیادہ سے زیادہ امداد پہنچانے کی کوشش کی ہے اور اس امداد کا حجم مسلسل بڑھ رہا ہے۔

صدر السیسی نے غزہ کی صورتحال کو المناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہاں کے لوگ انتہائی مشکل حالات میں زندگی گذار رہے ہیں۔ انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ فوری طور پر انسانی امداد فراہم کرے تاکہ اس بحران کو کم کیا جا سکے۔انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ مصر فلسطینیوں کے ساتھ اپنے مضبوط تعلقات کو ہمیشہ برقرار رکھے گا اور ان کی حمایت میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔