مقامی لوگوں نے جعلی مقابلے سے متعلق بھارتی وزیرداخلہ کے دعوے مسترد کر دئیے

منگل 29 جولائی 2025 18:22

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جولائی2025ء) مقبوضہ جموںوکشمیر میں فوجی جعلی مقابلے میں تین بے گناہ نوجوانوںکو شہید کر دیا گیا ہے۔ مقامی لوگوں اور سیاسی تجزیہ کاروں نے بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ کے اس دعوے کویکسر مسترد کر دیا ہے کہ سرینگر کے علاقے داچھی گام میں ایک فوجی کارروائی کے دوران پہلگام واقعہ میں ملوث تین نوجوانوں کو قتل کیاگیاہے ۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقامی لوگوں نے امیت شاہ کی جانب سے شہید نوجوانوں کو پہلگام حملے میں ملوث عسکریت پسند قراردینے کی کوشش کو بے نقاب کردیاہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آپریشن سندور کے نتیجے میں شرمناک شکست کے بعدبھارت نے کشمیریوں اور پاکستان کے خلاف پروپیگنڈہ کرنے کے لیے یہ جعلی مقابلہ رچایاہے ۔ سرینگر سے تعلق رکھنے والے سیاسی مبصرین کے مطابق بی جے پی کی زیرقیادت مودی حکومت آپریشن سندور کی ناکامی پر اپوزیشن خاص طور پر کانگریس کے رہنمائوں کی بڑھتی ہوئی تنقید سے بچنے کیلئے اس طرح کے ہتھکنڈے استعمال کرر ہی ہے۔

تجزیہ کاروں نے اس واقعہ کی ٹائمنگ پر سوال اٹھاتے ہوئے کہاکہ یہ پارلیمنٹ کےاجلاس کے دوران رونماہوا ہے جس میں پہلگام واقعہ اور آپریشن سندور پر حکومت کو شدید تنقید کا سامنا ہے ۔