علاقے کی غیر قانونی منسوخی کے چھ سال مکمل ہونے پر 5اگست کو'' یوم استحصالِ کشمیر''کے طور پر منائیں، کل جماعتی حریت کانفرنس

منگل 29 جولائی 2025 18:25

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جولائی2025ء) غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کشمیری عوام پر زور دیا ہے کہ وہ بھارت کی طرف سے علاقے کی خصوصی حیثیت کی یکطرفہ اور غیر قانونی منسوخی کے چھ سال مکمل ہونے پر 5اگست کو'' یوم استحصالِ کشمیر''کے طور پر منائیں۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے ایک جعلی مقابلے میں تین نوجوانوں کے ماورائے عدالت قتل اور گجر اور بکروال برادریوں پر وحشیانہ تشدد کی شدید مذمت کی۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کی ہٹ دھرمی مسئلہ کشمیر کے حل میں بنیادی رکاوٹ ہے۔ انہوں نے عالمی برادری کویاد دلایا کہ بھارت نے 27اکتوبر 1947سے جموں و کشمیر پر غیر قانونی طورپرقبضہ کررکھا ہے اور 5اگست 2019کواس کو زبردستی ضم کرلیا ہے۔

(جاری ہے)

نیشنل کانفرنس کے رکن پارلیمنٹ آغا روح اللہ مہدی نے کسی بھی پرتشدد واقعہ کے بعد کشمیریوں کو اجتماعی سزا کا نشانہ بنانے پر مودی حکومت، بھارتی میڈیا اور تحقیقاتی ایجنسیوں پر شدیدتنقید کی ہے۔

انہوں نے نئی دہلی میں بھارتی پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے بغیر کسی قانونی کارروائی کے مقبوضہ جموں و کشمیر میں 13مکانات کو مسمار کرنے کی مذمت کی اور پلوامہ اور پہلگام جیسے حملوں کے بعد ہزاروں کشمیری نوجوانوں کی بلاجواز گرفتاری پر سوال اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو مقبوضہ علاقے اور بھارت بھر میں امتیازی سلوک کا سامنا ہے۔ دریں اثناء کانگریس کی رہنما پرینکا گاندھی نے بھارتی پارلیمنٹ میں وزیر خارجہ ایس جے شنکر کے بیان کی طرف توجہ مبذول کرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے دوٹوک الفاظ میں بھارت پاکستان جنگ بندی میں امریکہ کے کردار سے انکار نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ کے بیان سے معاہدے میں امریکہ کے اصل کردار پر سنجیدہ سوالات کھڑے ہوئے ہیں۔ پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے مودی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنے جنگی بیانیے سے باز آجائے اور مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے پاکستان کے ساتھ بات چیت شروع کرے۔