Live Updates

ایک کروڑسے زائد آبادی والے ناقابل رہائش شہروں میں کراچی دوسرے نمبر پرہے،پاسبان

منگل 29 جولائی 2025 19:12

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جولائی2025ء)پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے وائس چیئرمین رفیق خاصخیلی نے کہا ہے کہ ایک کروڑسے زائد آبادی والے ناقابل رہائش شہروں میں کراچی دوسرے نمبر پرہے۔ سمندر کے نزدیک شہروں میں ہوا کی کوالٹی کے لحاظ سے کراچی سب سے زیادہ کثیف شہر ہے۔کراچی کوقابل رہائش شہر بنانے کے لئے بنیادی ضروریات پر سرمایہ کاری، منظم حکمرانی اور شفاف ترقی کے اقدامات ناگزیر ہیں۔

کراچی کو چارٹرڈ سٹی کا آئینی درجہ دیا جائے۔ شہری سہولیات کی مؤثر فراہمی کے لیے منتخب بلدیاتی نمائندوں کو انتظامی اور مالی اختیارات دیے جائیں۔ کراچی میں میٹروپولیٹن گورنمنٹ کے دائرہ اختیار کو وسیع کیا جائے۔ کچرے کی ری سائیکلنگ اور جدید لینڈ فل سائٹس کے قیام کے لیے فنڈنگ کی جائے۔

(جاری ہے)

سڑکوں کی بحالی سمیت گرین لائن، ریڈلائن اور بی آر ٹی سمیت دیگر منصوبوں کی تیزی سے تکمیل ممکن بنائی جائے۔

پرانے پبلک بس سسٹم کی جگہ جدید، برقی بسیں متعارف کرائی جائیں۔ پانی اور نکاسی آب کا نظام بہتر بنایا جائے۔ شہری شکایات کا بروقت ازالہ کیا جائے۔پاسبان پریس انفارمیشن سیل سے جاری کردہ بیان میں پی ڈی پی کے وائس چیئرمین نے مزید کہا کہ پندرہ لاکھ کی آبادی پر کراچی میں ایک سرکاری ہسپتال ہے جہاں ایک رپورٹ کے مطابق جعلی دواؤں سے علاج ہوتا ہے۔

کراچی سے درختوں کا خاتمہ کرکے اسے آلودہ شہر بنادیا گیا ہے۔ کراچی کے نوجوانوں کو منشیات کی لت لگا کر لاکھوں گھرانوں کو تباہ و برباد کیا جاچکاہے۔کراچی میں صرف پینتیس سو منی بس ہیں یعنی دس ہزار لوگوں کے لئے ایک منی بس ہے جب کہ پچاسی ہزار چنگچی رکشہ ہیں۔ کراچی میں بڑی بسیں نہ ہونے کے برابر ہیں اور ٹرین اور ٹرام سروس کا سرے سے کوئی وجود ہی نہیں ہے۔

جو حکومت کراچی جیسے شہر کو دس ہزار بسوں کا نیٹ ورک نہیں دے سکتی ہے وہ صوبے میں غریبوں کے لئے پچاس لاکھ گھر بنانے کا پلان لے کر آئی ہے۔ شرجیل انعام میمن کو ٹی وی پر آتے رہنا چاہئے۔ شغل میلہ لگا رہتا ہے۔ کراچی میں آلودگی کی وجہ سے دمہ اور دوسری بیماریوں کی بہتات ہے۔ کچرا نہ اٹھانے کی وجہ سے شہر گندگی کا ڈھیر بن گیا ہے۔ کراچی میں بارشیں ہو گئیں تو سندھ حکومت کے ڈھول کا پول کھل جائے گا۔

کراچی کو جو پانی دیا جاتا ہے وہ صرف چالیس فیصد آبادی تک پہنچتا ہے۔ کے فور منصوبے کے لئے سندھ وفاق سے پیسے مانگتا ہے۔ کراچی کو وفاق کے حوالے کیوں نہیں کر دیتا کراچی کو جو گیس سپلائی کی جاتی ہے وہ آدھی آبادی کی ضروریات بھی پوری نہیں کر سکتا ہے۔ بنیادی سہولیات سے محروم کراچی دنیا کا سب سے بڑا میگا سٹی ہے۔ آج تک سیوریج،پانی،بجلی اور گیس کے مسائل حل نہیں ہوسکے۔ کراچی کا پیسہ اب کراچی پر خرچ کئے بغیر مسائل حل نہیں ہوسکتے
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات