پنجاب میں پیپلز پارٹی کو متحرک، فعال اور مضبوط بنانا ہے‘ سردار سلیم حیدر خان

منگل 29 جولائی 2025 20:24

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جولائی2025ء)گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کہا ہے کہ پنجاب میں پیپلز پارٹی کو متحرک، فعال اور مضبوط بنانا ہے،پیپلزپارٹی ہر سوچ اور ہر طبقے کو ساتھ لے چلتی ہے، بلاول بھٹو زرداری عوامی مینڈیٹ سے وزیراعظم بنیں گے،ملک میں جمہوریت کا چلناصدر آصف علی زرداری کی بدولت ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس لاہور میں پیپلزپارٹی کے رہنما فیصل میر کی قیادت میں لاہور کے سماجی خدمت کرنے والے وفدسے ملاقات کے دوران کیا۔

ملاقات کے دوران وفد نے پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کرنے کا اعلان کیا۔ اس موقع پر پیپلزپارٹی کے سیکرٹری اطلاعات ندیم افضل چن ، ایم پی اے مخدوم عثمان اوردیگر بھی موجود تھے۔گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ پیپلزپارٹی حقیقی معنوں میں عوام کی پارٹی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی قیادت نے پاکستان کی عوام کے لئے 14 سال جیل کاٹی۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ آنے والے وقت میں پاکستان کی غیور قوم تیر پر ٹھپہ لگا کر بلاول بھٹو کو وزیراعظم بنائے گی۔گورنرپنجاب نے کہا کہ جیالے مضبوط اور متحرک ہو کر عوامی خدمت میں مصروف رہیں اور بلاول بھٹو کا پیغام پہنچائیں۔انہوں نے کہا کہ ملک کی خاطر پیپلزپارٹی ہر چیز قربان کرنے کو تیار ہے۔گورنرپنجاب نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ اپنے ورکروں کو عزت دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے لئے یہ بڑی خوشی کی بات ہے کہ نوجوان پیپلزپارٹی پر اعتماد کر رہے ہیں اور تیزی سے شمولیت اختیار کر رہے ہیں۔گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری کی تبدیلی کی جھوٹی افواہیں پھیلانے والے یہ بات سن لیں کہ ملک میں جو جمہوریت کا نظام چل رہا ہے وہ صدر آصف علی زرداری کی بدولت ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کو اس وقت دہشت گردی سمیت مختلف مسائل کا سامنا ہے جسے باہمی یکجہتی اور اتحاد سے ہی حل کیا جاسکتا ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا ملک کی سالمیت اور استحکام کے لئے سب کو مل کر کردار ادا کرنا ہے۔