بانی صدر ریاست سردار محمد ابراہیم خان مرحوم الحاق پاکستان کے حقیقی داعی عظیم رہنماء تھے،چوہدری نعیم اختر

بدھ 30 جولائی 2025 17:21

پیرس(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جولائی2025ء)چیئرمین جموں وکشمیر فورم فرانس چوہدری نعیم اختر نے کہا ہے کہ بانی صدر ریاست سردار محمد ابراہیم خان مرحوم الحاق پاکستان کے حقیقی داعی عظیم رہنماء تھے۔غازی ملت کی برسی پر اپنے خصوصی پیغام میں چیئرمین جموں وکشمیر فورم فرانس چوہدری نعیم اختر نے آزاد جموں وکشمیر کی پارلیمانی جدوجہد اور تعمیر وترقی میں غازی ملت کے کردار کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا انھوں نے مزید کہا کہ 19 جولائی 1947کو غازی ملت کی رہائش گاہ سری نگر آبی گزرگاہ میں قرارداد الحاق پاکستان منظور ہوئی تھی جس کی روشنی میں کشمیریوں نے اپنی عظیم جدوجہد کی۔

انہوں نے کہا کہ کشمیریوں نے جہاد کے ذریعے آزادکشمیر کو آزاد کروایا اور اسوقت یہ علاقہ بیس کیمپ کے طور پر موجود ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ غازی ملت سردار محمد ابراہیم خان نے کشمیریوں کی قیادت کرتے ہوئے اپنے جاندار کردار سے تحریک کو تقویت بخشی،غازی ملت ریاست جموں وکشمیر کے پہلے کشمیری رہنما ہیں جنہوں نے جنرل اسمبلی میں مسئلہ کشمیر پر متعدد بار خطاب کر کے موثر طور پر کشمیریوں کی حقیقی نمائندگی کی۔

انہوں نے کہا کہ سیاست کے میدان میں غازی ملت سردار محمد ابراہیم خان نے جو اصول پسندی دیانت داری،عوام سے محبت اور ریاست کے تشخص کے لئے جو کارہائے نمایاں سرانجام دیئے وہ قابل تعریف اور قابل تقلید ہیں آج ہم غازی ملت کی برسی کے موقع پر اس بات کا عہد کرتے ہیں کہ غازی ملت کے خواب کو شرمندہ تعبیر کریں گے اور ان شاء اللہ بہت جلد مقبوضہ جموں وکشمیر آزاد ہو گا اور اس کا الحاق بھی پاکستان کے ساتھ ہو گا کشمیریوں کی حقیقی منزل پاکستان ہے۔