کوئٹہ میں ڈرائیونگ لائسنس اتھارٹی مکمل طور پر فعال ہے ، ڈی آئی جی نیشنل ہائی وے اینڈ موٹر وے پولیس ویسٹ زون بلوچستان

بدھ 30 جولائی 2025 17:25

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جولائی2025ء) ڈی آئی جی نیشنل ہائی وے اینڈ موٹر وے پولیس ویسٹ زون بلوچستان اشفاق احمد نے کہا ہے کہ کوئٹہ میں ڈرائیونگ لائسنس اتھارٹی مکمل طور پر فعال ہے ،گزشتہ سال سے اب تک2ہزار سے زیادہ لوگوں کو ڈرائیونگ لائسنس جاری کیا گیا ۔ انہوں نے بدھ کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر70 سے زائد شہریوں کے لائسنس بنا ئے جارہے ہیں ہے، صوبے کے عوام کے لئے ڈرائیونگ لائسنس اتھارٹی کسی نعمت سے کم نہیں ہے ۔

ڈی آئی جی موٹروے اشفاق احمد نے بلوچستان میں ڈرائیونگ لائسنس اتھارٹی ( ڈی ایل اے ) کی فعالیت صوبے کے عوام کے لیے ایک بڑا اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ شہری اس سے بھرپور فائدہ اٹھائیں،انہوں نے کہا کہ ڈرائیونگ لائسنس اتھارٹی جو 2 سال قبل قائم کی گئی تھی اب مکمل طور پر فعال ہے، جو اسلام آباد کے بعد کوئٹہ میں گزشتہ سال سے اب تک 2 ہزار لائسنس جاری کر چکی ہے ، جن میں موٹر سائیکل، کار اور بڑی گاڑیوں کے لائسنس شامل ہیں ،انہوں نے کہا کہ یہ سہولت پورے پاکستان سے آنے والے افراد کے لئے دستیاب ہے جہاں مختلف ٹریفک سائنز کو چیک کیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

لائسنس کے حصول کے لئے اہلیت سے متعلق انہوں نے بتایا کہ درخواست دہندہ کی عمر 18 سال سے زائد ہونی چاہیے اگر کوئی درخواست دہندہ ٹیسٹ میں فیل ہو جاتا ہے، تو وہ 14 دن کے بعد دوبارہ ٹیسٹ دے سکتا ہے ،انہوں نے کہا کہ پبلک سروس گاڑیوں کے لئے سرٹیفکیٹ کا ہونا لازمی ہے ،کوئٹہ کراچی شاہراہوں پر تیز رفتار مسافر بسوں کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر کارروائی کا سلسلہ جاری ہے ۔

ڈی آئی جی موٹروے نے بین الاقوامی ڈرائیونگ لائسنس کے حوالے سے بتایا کہ ڈی ایل اے سے جاری کردہ لائسنس مختلف ممالک میں قابل قبول ہیں۔ انہوں نے محدود وسائل کے باوجود موٹروے پولیس کے کام کو سراہتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں موٹروے پر اس وقت 1000 اہلکار اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں ۔اس موقع پر سیکٹر کمانڈر قلات ایوب ترین،سلمان احمد،قاسم کھوسہ بھی موجود تھے ۔