مرکزی جماعت اہلسنّت نے سالانہ مرکزی ختم نبوت ؐکانفرنس کا اعلان کردیا

بدھ 30 جولائی 2025 20:12

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جولائی2025ء)مرکزی جماعت اہلسنّت کراچی نے سالانہ مرکزی ختمِ نبوت کانفرنس کا اعلان کردیا، کانفرنس 13 ستمبر بروز ہفتہ بعدنماز مغرب کراچی کے تاریخی نشتر پارک میں منعقد کی جائے گی، جس میں ملک بھر سے علماء، مشائخ، طلبہ اور عوام کی بڑی تعداد شرکت کرے گی۔اس سلسلے میں مفتی اعظم سندھ و امیر مرکزی جماعت اہلسنّت سندھ مفتی محمد جان نعیمی اجلاس کے زیرسرپرستی و امیر کراچی صاحبزادہ محمد زبیر صدیقی ہزاروی کے زیرصدارت منعقدہ مرکزی جماعت اہلسنّت کراچی کے اہم مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی مرکزی جماعت اہلسنّت سندھ کے ناظم اعلیٰ پیر سید ضمیر حسین شاہ جیلانی نے کہا ہے کہ عقیدہ ختمِ نبوت دین اسلام کا بنیادی اور غیر متزلزل عقیدہ ہے، جس پر امت مسلمہ کا مکمل ایمان اور اجماع ہے، قادیانیت ایک گمراہ کن فتنے کی صورت میں اسلام کے بنیادی عقائد پر حملہ آور ہوئی ہے جسے ہر دور میں علماء حق اور عاشقانِ رسولﷺ نے علمی، دینی اور آئینی بنیادوں پر ناکام بنایا، پاکستان کے آئین میں قادیانیوں کو غیر مسلم اقلیت قرار دینا ایک عظیم دینی و قومی کامیابی ہے، جس کے تحفظ کے لیے ہم ہر سطح پر اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں تنظیمی امور، دعوتی حکمتِ عملی، اور عقیدہ ختمِ نبوت کے تحفظ کے دینی، قومی اور آئینی پہلوؤں پر تفصیلی مشاورت کی گئی، شرکاء میں علامہ صاحبزادہ عثمان غنی جیلانی، صاحبزادہ حامد جان نعیمی، علامہ خادم حسین نعیمی، نائب امیر ریاض حسین اشرفی، ناظم اعلیٰ علامہ فیاض نقشبندی، علامہ غلام غوث گولڑوی، علامہ فرحان شاہ نعیمی، مفسر قرآن مفتی بدرالدین سہروردی، ملک شہزاد چشتی، قاری خلیل نورانی، مفتی سید اکبر الحق شاہ، پیر رشید احمد تونسوی، ملک سعید اختر، شیر محمد نورانی، مفتی سید اکبر الحق شاہ، علامہ غمیر گیلانی، علامہ قاضی عبد الرسول نعیمی، علامہ اسرار قادری، علامہ قاری شمیم،شفیق اعوان، صاحبزادہ ارشاد الرحمٰن، علامہ ریاض گولڑوی نعیمی اور دیگر سرکردہ دینی رہنما شامل تھے۔

اجلاس میں اس بات پر مکمل اتفاق کیا گیا کہ قادیانیت ایک باطل اور گمراہ کن فتنہ ہے، جو اسلام کے اساسی عقائد پر حملہ آور ہے، مقررین نے کہا کہ قادیانی عقائد نہ صرف قرآن و سنت کے منافی ہیں بلکہ آئینِ پاکستان کی رُو سے بھی یہ ایک غیر مسلم اقلیت ہے، اس کے باوجود قادیانی عناصر عالمی طاقتوں کی سرپرستی میں پاکستان کے اسلامی تشخص اور عقیدہ ختمِ نبوت کے خلاف مسلسل سازشوں میں مصروف ہیں جن کا مؤثر اور متحد ہو کر مقابلہ کرنا ہر مسلمان پر فرض ہے۔

امیر کراچی صاحبزادہ محمد زبیر صدیقی ہزاروی نے کارکنان کو ہدایت دی کہ کانفرنس کی تیاریوں کو منظم، مربوط اور پرجوش انداز میں مکمل کیا جائے، گھر گھر، مسجد مسجد، بازار بازار رابطے کیے جائیں اور عوام الناس کو اس عظیم دینی اجتماع میں شرکت کی دعوت دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ نشتر پارک میں ہونے والی یہ کانفرنس قادیانی فتنے کے خلاف ایک زبردست نظریاتی محاذ ہوگی جس سے امت کو نیا شعور، نیا ولولہ اور نئی استقامت حاصل ہوگی، اجلاس میں مختلف شعبہ جات کی کارکردگی کا جائزہ بھی لیا گیا اور تمام شعبہ جات کو عوامی سطح پر مزید متحرک کرنے کی ہدایت کی گئی، واضح رہے کہ مرکزی جماعت اہلسنت کی سالانہ ختمِ نبوت کانفرنس ایک درخشاں روایت ہے جو قائدِ اہل سنت علامہ شاہ احمد نورانی صدیقیؒ کی عظیم دینی، نظریاتی اور ملی جدوجہد کا تسلسل ہے، اور یہ کارواں اسی عزم و جذبے کے ساتھ اپنے سفر پر گامزن ہے۔