چین سے لانچ کیا گیا پاکستانی سیٹلائٹ مدار میں پہنچ گیا

DW ڈی ڈبلیو جمعہ 1 اگست 2025 11:20

چین سے لانچ کیا گیا پاکستانی سیٹلائٹ مدار میں پہنچ گیا

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 01 اگست 2025ء) پاکستان کے خلائی تحقیقی ادارے،اسپیس اینڈ اپر ایٹموسفیئر ریسرچ کمیشن (سپارکو) کے مطابق، نیا ’’ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ‘‘ پاکستان کی خلائی تحقیق کی کوششوں میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا اور زمین کا مشاہدہ کرنے کی صلاحیت میں نمایاں اضافہ کرے گا۔

پاکستان ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ- 1 (پی آر ایس ایس1) کو جمعرات کو ’’کائیژو-1اے‘‘ کیریئر راکٹ کے ذریعے چین کے ژیچانگ سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے صبح 10 بجے لانچ کیا گیا تھا۔

پاکستانی خبر رساں ایجنسی اے پی پی کے مطابق سپارکو نے ایک بیان میں کہا کہ ’’یہ ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ شہری منصوبہ بندی، آفات سے نمٹنے، خوراک کی سکیورٹی اور ماحولیاتی تحفظ میں انقلاب برپا کرے گا۔

(جاری ہے)

یہ سیٹلائٹ موسمیاتی تبدیلیوں کی نگرانی، پانی کے وسائل کے انتظام، زرعی نقشہ سازی اور جنگلات کی کٹائی کی مانیٹرنگ میں بھی مدد فراہم کرے گا۔

‘‘

یہ سیٹیلائٹ لانچ سپارکو، چائنا الیکٹرانکس ٹیکنالوجی گروپ کارپوریشن اور مائیکروسیٹ چائنا کے درمیان تعاون کا نتیجہ ہے۔

یہ سیٹلائٹ فصلوں کی پیداوار بڑھانے کے لیے درست زراعت، انفراسٹرکچر کی ترقی اور شہری پھیلاؤ کی نگرانی، اور مؤثر علاقائی منصوبہ بندی میں بھی مدد دے گا۔

یہ سیٹلائٹ زلزلوں کے بارے میں بروقت وارننگ، اور گلیشیئرز کے پگھلاؤ پر بھی نظر رکھے گا۔

سماجی و معاشی ترقی میں کردار

سپارکو کے چیئرمین محمد یوسف خان نے کہا کہ یہ سیٹلائٹ قومی سطح پر مختلف شعبوں میں ترجیحات کو سہارا دے گا اور پائیدار سماجی و معاشی ترقی میں اپنا کردار ادا کرے گا۔

سپارکو کے مطابق، یہ سیٹلائٹ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) جیسے منصوبوں میں بھی معاون ثابت ہوگا، مثلاً نقل و حمل کے نیٹ ورکس کی نقشہ سازی اور ارضیاتی خطرات کی شناخت میں بھی اس سے مدد ملے گی۔

سیٹلائٹ کے لانچ کی تقریب میں وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ یہ صرف ایک تکنیکی کامیابی نہیں بلکہ ’’ایک ایسا لمحہ ہے جو ہماری قومی حوصلہ افزائی کرتا ہے اور چین کے ساتھ ہماری دوستی کو مزید مضبوط کرتا ہے۔‘‘

مختلف حلقوں کی جانب سے مبارک باد

چین نے ژیچانگ سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے پاکستان کے نئے ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ کی کامیاب لانچ پر مبارکباد دی ہے اور سائنس و ٹیکنالوجی میں دونوں ممالک کے قریبی تعاون کی تصدیق کی ہے۔

اسلام آباد میں چینی سفارت خانے نے جمعرات کو ایک بیان میں وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کے ٹویٹ کے بعد پاکستان کی کامیابی کو سراہا۔

سفارت خانے نے کہا، ’’دعا ہے کہ یہ سیٹلائٹ ہمارے فولادی بھائی کی زمینی وسائل کے سروے اور آفات سے بچاؤ و تخفیف کی صلاحیتوں کو مزید مضبوط کرے۔‘‘

وزیر اعظم شہباز شریف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر سپارکو کو کامیاب لانچ پر مبارکباد دی اور منصوبے میں تعاون پر چینی شراکت داروں کا شکریہ ادا کیا۔

صدر آصف علی زرداری نے بھی پاکستانی سائنس دانوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا، ’’پاکستان اپنے سائنس دانوں کی صلاحیتوں پر فخر کرتا ہے۔‘‘

نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے سپارکو اور چینی شراکت داروں کے انجینیئرز اور تکنیکی ٹیموں کی ’’مثالی شراکت اور غیر متزلزل عزم‘‘ کی تعریف کی۔

ذرائع کے مطابق یہ لانچ دونوں ممالک کے درمیان گہرے ہوتے ہوئے اسٹریٹجک تعلقات کا تسلسل ہے، خاص طور پر چین-پاکستان اکنامک کاریڈور کے تحت، جس میں خلائی ٹیکنالوجی کا اشتراک بھی شامل ہے۔

ادارت: صلاح الدین زین