این اے ون چترال ضمنی الیکشن، عدالت نے الیکشن کمیشن کو انتخاب کرانے سے روک دیا

درخواست گزار این اے 1 چترال سے ممبر قومی اسمبلی منتخب ہوئے، سپیکر قومی اسمبلی نے بغیر کسی نوٹس الیکشن کمیشن کو نااہلی کیلئے ریفرنس بھیجا، الیکشن کمیشن نے ہمیں نوٹس دیا اور بغیر سنے، بغیر کسی پراسس کے درخواست گزار کو نااہل کیا، درخواست گزار کا موقف، عدالت نے سماعت 20 اگست تک ملتوی کر دی

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 1 اگست 2025 13:25

پشاور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔یکم اگست 2025)پشاور ہائیکورٹ نے نااہلی کے خلاف درخواست پر الیکشن کمیشن کو این اے ون چترال پر ضمنی الیکشن سے روک دیا،پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس سید ارشد علی اور جسٹس ڈاکٹر خورشید اقبال نے چترال این اے 1 سے سابق ممبر قومی اسمبلی عبداللطیف چترالی کی نااہلی کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کی،عدالت نے اٹارنی جنرل آف پاکستان اور الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ہدایت کی کہ این اے ون چترال کی سیٹ درخواست پر فیصلے تک فل نہ کیا جائے۔

دوران سماعت وکیل درخواست گزار معظم بٹ ایڈووکیٹ نے دلائل دئیے کہ درخواست گزار این اے 1 چترال سے ممبر قومی اسمبلی منتخب ہوئے۔سپیکر قومی اسمبلی نے بغیر کسی نوٹس الیکشن کمیشن کو نااہلی کیلئے ریفرنس بھیجا جس میں کہا ہے کہ انسداد دہشتگردی عدالت نے درخواست گزار کو 10 سال سزا سنائی ہے ان کو نااہل قرار دیا جائے۔

(جاری ہے)

وکیل نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے ہمیں نوٹس دیا اور بغیر سنے، بغیر کسی پراسس کے درخواست گزار کو نااہل کیا۔

الیکشن کمیشن نے چترال این اے 1 کی سیٹ کو خالی قرار دیا ہے۔قانون کے مطابق الیکشن کمیشن کو ریفرنس جاتا ہے تو 90 دنوں میں انہوں نے اس پر فیصلہ کرنا ہوتا ہے۔وکیل درخواست گزار نے کہا کہ انسداد دہشتگردی عدالت نے درخواست گزار کی غیر موجودگی میں فیصلہ سنایا اور ہم نے سزا کے خلاف اپیل بھی دائر کی ہے۔بعدازاں عدالت نے الیکشن کمیشن کو این اے ون چترال کی سیٹ پر ضمنی الیکشن سے روکتے ہوئے سماعت 20 اگست تک ملتوی کر دی۔

خیال رہے کہ اس سے قبل الیکشن کمیشن نے حلقہ این اے ون کے رکن قومی اسمبلی عبداللطیف چترالی کو نااہل قرار دے دیاتھا۔الیکشن کمیشن کے مطابق الیکشن کمیشن نے این اے ون چترال سے عبداللطیف چترالی کی نشست کو خالی قرار دے دیاتھا۔ انہیں نو مئی کے مقدمات میں سزا یافتہ ہونے پر نااہل قرار دیا گیاتھا۔ الیکشن کمیشن نے محفوظ شدہ فیصلہ سنایاتھا۔ فیصلے میں بتایا گیاتھا کہ عبداللطیف چترالی کو انسداد دہشت گردی عدالت سے 10 سال قید کی سزا ہو چکی تھی۔الیکشن کمیشن نے رکن قومی اسمبلی کو آرٹیکل 63 (ون) (ایچ) کے تحت نااہل کیاتھا۔