حکومت پنجاب کا پاکستان ریلوے کے اشتراک سے گرین کوریڈور منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ

جمعہ 1 اگست 2025 17:31

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اگست2025ء) حکومت پنجاب نے پاکستان ریلوے کے اشتراک سے لاہور میں ماحول دوست ترقی کی جانب ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے گرین کوریڈور منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔اس منصوبے کے تحت شاہدرہ سے رائیونڈ کے درمیان ریلوے ٹریک سے ملحقہ40 کلومیٹر کے ایریا میں700 کنال رقبے پر گرین بیلٹس قائم کی جائیں گی۔منصوبے کی مجموعی لاگت سوا دو ارب روپے سے زائد رکھی گئی ہے اور اسے ایک سال کی مدت میں مکمل کیا جائے گا۔

ترجمان ریلوے کے مطابق گرین کوریڈور منصوبے کو چار پیکیجز میں تقسیم کیا گیا ہے،جن میں پہلے مرحلے میں شاہدرہ سے ریلوے اسٹیشن تک،دوسرے مرحلے میں والٹن تک، تیسرے مرحلے میں والٹن سے کوٹ لکھپت اور چوتھے مرحلے میں کوٹ لکھپت سے رائیونڈ تک گرین بیلٹس بنائی جائیں گی۔

(جاری ہے)

اس منصوبے کے تحت پاکستان ریلوے کی پرانی اور ناکارہ بوگیوں کو کارآمد بنا کر ان میں لائبریریاں اور کیفیز قائم کی جائیں گی تاکہ شہریوں کو نہ صرف ایک خوبصورت اور سرسبز ماحول ملے بلکہ تعلیمی و تفریحی سہولیات بھی فراہم کی جا سکیں۔

منصوبے کا پی سی ون محکمہ ہاوسنگ پنجاب نے تیار کر کے محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کو بھجوا دیا ہے اور تکمیل کے بعد اس منصوبے سے نہ صرف شہر کی خوبصورتی میں اضافہ ہو گا بلکہ ماحولیاتی آلودگی میں بھی نمایاں کمی آئے گی۔وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے منصوبے میں تعاون پر وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام لاہور کے شہریوں کے لیے خوش آئند ہے اور ریلوے کی زمین کو عوامی فلاح کیلئے استعمال میں لانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔