سندھ یونیورسٹی میں “معرکۂ حق” کے زیر عنوان جشنِ آزادی کی تقریبات کا آغاز

جمعہ 1 اگست 2025 20:05

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اگست2025ء) سندھ یونیورسٹی، جامشورو میں یومِ آزادی کے سلسلے میں "معرکۂ حق" کے زیرعنوان دو ہفتوں پر مشتمل تقریبات کا باقاعدہ آغاز ہوگیا۔ پہلے روز ایک حب الوطنی ریلی نکالی گئی جبکہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خلیل الرحمٰن کھمباٹی نے شجر کاری مہم کا افتتاح ایک پودا لگا کر کیا۔ ریلی یونیورسٹی کی انتظامی عمارت سے شروع ہوئی جس میں اساتذہ، افسران اور ملازمین کی بڑی تعداد نے وائس چانسلر ڈاکٹر خلیل الرحمٰن کھمباٹی اور پرو وائس چانسلر ٹھٹھہ کیمپس پروفیسر ڈاکٹر مصباح بی بی قریشی کی قیادت میں بھرپور شرکت کی۔

شرکاء قومی پرچم اٹھائے پاکستان اور پاک فوج کے حق میں نعرے لگاتے رہے۔ اس موقع پر شرکاء نے قومی جوش و جذبے کے ساتھ بھارت کے خلاف پاکستان کی کامیابیوں پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے پاک فضائیہ کی جرات مندانہ کارروائیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

(جاری ہے)

وائس چانسلر ڈاکٹر خلیل الرحمٰن کھمباٹی نے خطاب میں کہا کہ پاکستان عظیم قربانیوں کے بعد وجود میں آیا اور آج بھی دہشت گردی و شدت پسندی جیسے چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے لیکن ہماری مسلح افواج ہر لمحہ ملکی دفاع کے لیے تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ یونیورسٹی کے طلباء کل کے معمار ہیں اور ہمارے نوجوان منفی قوتوں کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ان کے پاس ایسا ویژن ہے جو ملک کو ترقی کی نئی راہ پر ڈال سکتا ہے۔ تعلیم ہی وہ ہتھیار ہے جس سے موجودہ پیچیدہ مسائل کا مقابلہ ممکن ہے۔ بعدازاں، وائس چانسلر نے مسجد کے اطراف شجر کاری مہم کا افتتاح کیا اور اس موقع پر افسران و اساتذہ نے بھی پودے لگائے۔ ڈاکٹر خلیل الرحمٰن کھمباٹی نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے پیدا ہونے والے خطرات کا مؤثر حل وسیع پیمانے پر شجر کاری ہے اور اس قومی مشن میں طلباء سمیت ہر شہری کو شریک ہونا چاہیے۔ واضح رہے کہ سندھ یونیورسٹی میں جشنِ آزادی کی تقریبات دو ہفتوں تک جاری رہیں گی،مرکزی تقریب 14 اگست کو منعقد ہوگی۔