سکھر میں جشن آزادی کی تقریبات کا آغاز کر دیا گیا جو 14 اگست تک جاری رہیں گی، ترجمان

جمعہ 1 اگست 2025 20:10

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اگست2025ء) سکھر میں معرکہ حق اور یوم آزادی کو بھرپور طریقے سے منانے کے سلسلے میں انتظامات کو حتمی شکل دی گئی ہے ۔ ترجمان سندھ حکومت و میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ کی زیر صدارت میونسپل اسٹیڈیم سکھر میں ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں چیئرمین ضلع کونسل سکھر سید کمیل حیدر شاہ، ڈپٹی کمشنر نادر شہزاد خان، ایس ایس پی سکھر اظہر خان مغل، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو بشریٰ منصور، ڈپٹی میئر سکھر ڈاکٹر ارشد مغل، یونیورسٹیز، وفاقی و صوبائی محکموں کے افسران، منتخب نمائندوں، تاجر تنظیموں کے رہنماؤں، سماجی و مذہبی تنظیموں کے رہنما، وکلاء و میڈیا نمائندگان نے شرکت کی ۔

صدر آرٹس کونسل کراچی سید احمد شاہ نے بھی وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

معزز شرکاء اور متعلقہ محکموں کی جانب سے تقريب میں ملک کے 78 ویں یوم آزادی کے حوالے سے 14 روزہ تقریبات اور تیاریوں کے سلسلے میں تفصیلی آگہی دی گئی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ترجمان سندھ حکومت و میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے بتایا کہ سکھر میں یوم آزادی کی تقریبات یکم اگست سے شروع کی جا رہی ہیں جو 14 اگست تک جاری رہیں گی ۔

معرکہ حق و جشن یوم آزادی کے سلسلے میں تقریبات قومی جوش و جذبہ کے ساتھ منائی جائیں گی جبکہ 10 اگست کو سکھر میں جشن آزادی کے سلسلے میں میگا پروگرام منعقد کیا جائے گا جس میں وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور کابینہ اراکین بھی خصوصی طور پر شرکت کریں گے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ سکھر میں اسکول، کالج و یونیورسٹیز طلباء و طالبات کی شرکت سے سبز انسانی سبز حلالی پرچم بنایا جائے گا، طلباء و طالبات کو اس سلسلے میں سکھر میونسپل کارپوریشن کی جانب سے سفید اور سبز شرٹس/ گاؤن فراہم کیے جائیں گے جبکہ ان دنوں گلی محلوں بازاروں، دفاتر، پبلک پارکس، لینس ڈاؤن برج، سکھر بیراج اور اسکولز کو خصوصی طور پر سجانے کے ساتھ ہر جگہ پاکستانی پرچم لہرایا جائے گا۔

انہوں نے شہریوں کو تلقین کی کہ وہ اس دوران معرکۂ حق و جشن یوم آزادی جوش و جذبے اور شایان شان طریقے سے منانے کے لیے انتظامیہ کا بھرپور ساتھ دیں۔ انہوں نے تاجر تنظیموں کے رہنماؤں کو ہدایت کی کہ بازاروں میں دکانیں سجانے کا مقابلہ منعقد کیا جائے، بہترین سجاوٹ کرنے والے دکاندار کو 50 ہزار روپے نقد انعام دیا جائے گا۔ میئر سکھر نے میونسپل کارپوریشن افسران کو تمام متعلقہ محکموں میں باہمی رابطے سے تمام تقریبات کو بہتر اور منظم انداز میں منعقد کرنے کے لیے ایک واٹس ایپ گروپ بنانے کی ہدایت کی۔

اجلاس کو چیئرمین ضلع کونسل سکھر سید کمیل حیدر شاہ، ڈپٹی کمشنر سکھر نادر شہزاد خان، ایس ایس پی سکھر و دیگر نے معرکۂ حق و جشن یوم آزادی بہترین طریقے سے منائے جانے کے سلسلے میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک صدر آرٹس کونسل کراچی سید احمد شاہ نے بتایا کہ سکھر میں 10 اگست کی تقریب میں پاکستان کے نامور گلوکار علی ظفر و دیگر بھی شرکت کر کے اپنی پرفارمنس سے تقریب کو یادگار بنائیں گے۔