ریلوے کے بنیادی ڈھانچے کو عالمی معیار کے مطابق بنایا جائے گا،وفاقی وزیر حنیف عباسی

اتوار 3 اگست 2025 01:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اگست2025ء) وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا ہے کہ حکومت ریلوے میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی بالخصوص ایم ایل ون ریلوے کوریڈور کو بہت زیادہ ترجیح دے رہی ہے،منصوبوں میں ریلوے کے انفراسٹرکچر کو جدید اور بین الاقوامی معیار کے مطابق بنانا شامل ہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت ریلویز میں گورننس کو بہتر بنانے اور جدید نظام متعارف کرانے پر بھی توجہ دے رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت پاکستان ریلوے میں 350 ارب روپے کی سرمایہ کاری کرے گی تاکہ صوبے بھر میں آٹھ برانچ روٹس کو بہتر بنایا جا سکے۔ مزید برآں پنجاب کے 40 ریلوے سٹیشنوں کو مفت وائی فائی سروسز سے لیس کیا جائے گا جبکہ مختلف ریلوے روٹس کو اپ گریڈ کرنے کیلئے اسی طرح کے تعاون کیلئے سندھ حکومت کے ساتھ بات چیت جاری ہے،انہوں نے مزید کہا کہ ایک بار آپریشنل ہونے کے بعدML-1 سے عوام کو کافی فائدہ پہنچے گا جبکہ اسی طرح ML-2 میں سرمایہ کاری کی تیاریاں بھی جاری ہیں۔

(جاری ہے)

بھارت کے ساتھ 10 مئی کے تنازع کے حوالے سے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ نے اپنی حدود میں رہتے ہوئے انتہائی مہارت سے دشمن کے 6 طیاروں کو کامیابی سے مار گرایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے سے دس گنا بڑے ملک کو شکست دی۔ وفاقی وزیر نے وزیراعظم کے اس عزم کا حوالہ دیا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان کا پانی روکنے کی کسی بھی کوشش کو جنگ تصور کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ جب بھارت نے حملہ کیا تو چین، آذربائیجان، بنگلہ دیش اور ترکیہ جیسے دوست ممالک مضبوطی سے پاکستان کے ساتھ کھڑے تھے۔ حنیف عباسی نے قومی اتحاد پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تنازعات کے وقت بلوچی، سندھی، پنجابی، پشتون، کشمیری اور سرائیکی سب ایک آواز کے ساتھ پاک فوج کے ساتھ کھڑے تھے۔