کل جماعتی حریت کانفرنس کا 5اگست کو یوم سیاہ منانے کی اپیل کا اعادہ

5اگست 2019 مقبوضہ جموں وکشمیر کی تاریخ کے سیاہ ترین دنوں میں سے ایک ہے

اتوار 3 اگست 2025 13:45

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اگست2025ء)غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس نے 5اگست’’ یوم استحصال کشمیر‘‘ کو یوم سیاہ کے طور پر منانے کی اپیل کا اعادہ کیا ہے تاکہ دنیا کو یہ واضح پیغام دیا جائے کہ بھارت ایک غیر قانونی قابض ہے اور کشمیری اس وقت تک بھارت کے خلاف جدوجہد جاری رکھیں گے جب تک کہ وہ اقوام متحدہ کی طرف سے تسلیم شدہ اپنا حق خود ارادیت حاصل نہیں کرلیتے ۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق5اگست 2019کو بی جے پی کی ہندوتواحکومت نے تمام بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی کرتے ہوئے بھارتی آئین کی دفعہ 370اور 35-Aکومنسوخ کر دیاتھا۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں 5اگست کو یوم استحصال کشمیر اور یوم سیاہ کے طور پر منانے کی اپیل کا اعادہ کیاہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کو بھارتی فوج اور پولیس کی دہشت گردی کا سامنا ہے اور وہ اقوام متحدہ کی زیر نگرانی رائے شماری کے جائز مطالبے پر گزشتہ چھ سال میں زیادہ ترعرصہ محاصرے میں رہے ہیں۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے دیگر رہنمائوں بشمول خادم حسین، سید سبط شبیر قمی، فاروق احمد، اور شبیر احمد نے سرینگر میں جاری اپنے الگ الگ بیانات میں کہا کہ 5اگست 2019 مقبوضہ جموں وکشمیر کی تاریخ کے سیاہ ترین دنوں میں سے ایک ہے۔

انہوں نے کہاکہ بی جے پی حکومت کی جانب سے مقبوضہ جموں وکشمیرکی خصوصی حیثیت کی منسوخی کا مقصد علاقے میںآبادی کا تناسب تبدیل کرنا، اس کی مسلم شناخت کو مٹانا اور آر ایس ایس کے ہندوتوا نظریے کو علاقے پر مسلط کرنا تھا۔حریت رہنمائوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیرکے لوگ بھارت کے غیر قانونی قبضے کے خلاف ڈٹے ہوئے ہیں اور وہ اس وقت تک اپنی پرامن جدوجہد جاری رکھیں گے جب تک کہ وہ اپنا حق خود ارادیت حاصل نہیں کر لیتے۔

انہوں نے کہا کہ 5اگست کے اقدامات جموں و کشمیر کی منفرد شناخت، ثقافت اور مسلم اکثریتی کردار پر براہ راست حملہ ہے۔حریت رہنمائوں نے کہا کہ کشمیری تمام ترمشکلات کے باوجود اپنی جائز جدوجہد جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب ان کا مادر وطن بھارت کے قبضے سے آزاد ہوگا۔