ْاسلام آباد، اسحق ڈار کی ایرانی صدر سے ملاقات، مسود پزشکیان نے پاکستان کی حمایت کو سراہا

یہ تعلقات مشترکہ تاریخ، ثقافتی ورثے، مذہب اور باہمی احترام کی مضبوط بنیادوں پر قائم ہیں، وزیر خارجہ پاکستان اپنے برادر ملک ایران کے ساتھ کھڑا ہے اور تجارت، معیشت اور دیگر شعبوں میں اس کی حمایت جاری رکھے گا، گفتگو

اتوار 3 اگست 2025 16:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اگست2025ء)نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحٰق ڈار نے اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ملاقات کی ۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے ایرانی صدر کا خیرمقدم کرتے ہوئے ایران کے ساتھ تاریخی اور برادرانہ تعلقات کے لیے پاکستان کے گہرے عزم کا اعادہ کیا اور زور دیا کہ یہ تعلقات مشترکہ تاریخ، ثقافتی ورثے، مذہب اور باہمی احترام کی مضبوط بنیادوں پر قائم ہیں۔

صدر پزشکیان نے پاکستان کی حمایت کو سراہا اور مختلف شعبوں میں باہمی دلچسپی کے امور پر دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے ایران کے عزم کو دہرایا۔انہوں نے پاکستانی قیادت کے ساتھ بامعنی گفتگو کی خواہش کا بھی اظہار کیا تاکہ دونوں دوست ممالک کے سیاسی اور اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم بنایا جا سکے۔

(جاری ہے)

بعد ازاں میڈیا سے گفتگو میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحٰق ڈار نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اپنے برادر ملک ایران کے ساتھ کھڑا ہے اور تجارت، معیشت اور دیگر شعبوں میں اس کی حمایت جاری رکھے گا۔

انہوں نے ایرانی صدر کے اس بیان کا بھی خیرمقدم کیا جو وزیراعظم کے اس وژن سے ہم آہنگ ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم کو 10 ارب ڈالر تک پہنچایا جائے۔انہوں نے زور دے کر کہا کہ معاشی سرگرمیوں کو بڑھانے کے لیے باہمی اقتصادی ہم آہنگی قائم کرنا نہایت خوش آئند اور وقت کی ضرورت ہے۔