میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کیماڑی میں فش فوڈ اسٹریٹ کا افتتاح کر دیا
کراچی کو مزید خوبصورت اور پرکشش بنانے کے لیے ایسے منصوبے جاری رہیں گے تاکہ شہریوں کو بہتر سہولیات میسر آئیں اور شہر کا مثبت تشخص بھی ابھر کر سامنے آئے،بیرسٹرمرتضیٰ وہاب
اتوار 3 اگست 2025
17:35
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اگست2025ء)میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کیماڑی میں فش فوڈ اسٹریٹ کا افتتاح کر دیا، یہ منصوبہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کی جانب سے شہر میں شہریوں کے لیے ایک منفرد تفریحی مقام فراہم کرنے کی کاوش ہے، افتتاحی تقریب میں ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد، رکن سندھ اسمبلی آصف خان، ایم پی اے لیاقت اسکانی ،سٹی کونسل میں ڈپٹی پارلیمانی لیڈر دل محمد، جمن دروان، ٹائون چیئرمین ماڑی پور ہمایوں خان ،وائس چیئرمین آصف کوثر ، حبیب ، سٹی کونسل کے اراکین ، منتخب نمائندے اور دیگر معززین کی بڑی تعداد موجود تھی، میئر کراچی نے اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کیماڑی میں کراچی والوں کے لیے تفریح اور ذائقے کا نیا مرکز قائم کیا گیا ہے،فش فوڈ اسٹریٹ کو رنگ برنگی چھتریوں اور دلکش روشنیوں سے خوبصورتی سے سجایا گیا ہے، جو رات کے وقت ایک دلکش منظر پیش کرتی ہے،یہ جگہ اب شہریوں اور سیاحوں کے لیے ایک نیا فوڈ پوائنٹ بن چکی ہے،کیماڑی فش فوڈ اسٹریٹ میں مقامی اور روایتی کھانوں کی بڑی تعداد دستیاب ہے جس میں مختلف اقسام کے فش ڈشز، باربی کیو اور دیگر لذیذ پکوان شامل ہیں،فوڈ اسٹریٹ میں کھانوں کے شوقین افراد کے لیے زبردست انتظامات کیے گئے ہیں اور خاندانوں کے لیے بیٹھنے کا آرام دہ انتظام بھی موجود ہے، انہوں نے منصوبے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہاکہ کیماڑی سی فوڈ اسٹریٹ کی تزئین و آرائش کے منصوبے میں پیور بلاکس 62,000 مربع فٹ رقبے پر لگائے گئے ہیں،ٹف ٹائلز 35,000 مربع فٹ تک بچھائی گئی ہیں، وِکٹورین اسٹائل کے پولز کی تعداد 25 ہے، سیوریج لائن کی تنصیب 1,400 رننگ فٹ مکمل کی گئی ہے،آرچ اسٹائل داخلی دروازے 2 عدد نصب کیے گئے ہیں،پیچ ورک 1,00,000 مربع فٹ اورکرب اسٹون 3,000 رننگ فٹ تک لگایا گیا،ارد گرد کے علاقوں کی بیوٹیفیکیشن کا کام بھی کیا گیا ہے، 500 رنگ برنگی چھتریوں کی تنصیب کی گئی ہے، یہ منصوبہ شہریوں اور سیاحوں کے لیے ایک نیا، جدید اور منفرد تفریحی مقام فراہم کرتا ہے جہاں کھانوں کے ساتھ ساتھ خوبصورتی اور سہولت کا بھی خیال رکھا گیا ہے، کراچی کو مزید خوبصورت اور پرکشش بنانے کے لیے ایسے منصوبے جاری رہیں گے تاکہ شہریوں کو بہتر سہولیات میسر آئیں اور شہر کا مثبت تشخص ابھر کر سامنے آئے،میئر کراچی نے کہا کہ یہاں کی عوام کا ایک دیرینہ مسئلہ پاکستان پیپلزپارٹی کی قیادت میں حل ہوا ہے،یہاں کے لوگ کی یہ خواہش تھی کہ جس طرح کراچی شہر میں برنس روڈ پر فوڈ اسٹریٹ ہے اسی طرح کیماڑی میں فوڈ اسٹریٹ بنائی جائے چونکہ یہاں مچھیرے بستے ہیں، عام آدمی بستے ہیں سرکار نے ان کی یہ خواہش پوری نہیں کی لیکن چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں اور ان کے وژن کے مطابق کراچی کے ہر علاقے میں بلا تفریق رنگ و نسل کام کیا جا رہا ہے،کچھ لوگ اعلان کرتے تھے لیکن وفا نہیں ہوتا تھا،یہاں پر لوگوں نے نعرہ لگایا تھا تبدیلی کا مگر تبدیلی نہیں آسکی لیکن پیپلزپارٹی کی قیادت میں کیماڑی کے علاقے میں تبدیلی آ نہیں رہی ہے بلکہ تبدیلی آچکی ہے، انہوں نے کہا کہ یہ خوبصورت فوڈ اسٹریٹ، پیو ر بلاک بلکہ روڈ کارپیٹنگ اس علاقے میں کی جا رہی ہے،آئل ٹرمینل کے راستے کی بھی ازسرنو تعمیر بلدیہ عظمیٰ کراچی نے پچھلے مالی سال میں مکمل کی تھی، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کراچی کے عوام کو ہمیں وسائل کے مسائل میں نہیں پھنسانا، ہمیں دوسروں کی طرح یہ نہیں کرنا کہ اس کام کا اعلان کردیا لیکن کام کچھ بھی نہیں ہوتا تھا، پیپلزپارٹی کی قیادت عوام کے درمیان بیٹھ کر مثالی خدمت کرنے کی کوشش کر رہی ہے اور کیماڑی کی عوام کو ایک اور اچھی خبر دیتا ہوں کہ یہاں کے نمائندوں نے بڑی جدوجہد کی ہے، بڑی محنت کی ہے، بندرگاہ کا سارا ٹریفک کیماڑی کے روڈ سے ہوتا ہوا جاتا ہے جس سے کیماڑی اور ماڑی پور والوں کو تکلیف ہوتی ہے چونکہ پیپلزپارٹی کا نصب العین اور منشور یہ ہے کہ لوگوں کی خدمت کرنی ہے تو ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ اس ہیوی ٹریفک کو اب شہر کے درمیان نہیں لے کر جائے گا بلکہ اس ہیوی ٹریفک کو شاہراہ بھٹو کے ذریعے کاٹھور تک لے کر جائے گا، وہ پروجیکٹ بڑی کامیابی کے ساتھ چل رہا ہے، قیوم آباد سے قائد آباد تک کا حصہ کھلا ہے اور روزانہ 12 ہزار سے زائد گاڑیاں شاہراہ بھٹو پر چل رہی ہیں، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری 31 دسمبر 2025 کو کاٹھور تک کے حصے تک کا افتتاح کریں گے، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ نیٹی جیٹی پل کا برا حال تھا، خستہ حالی میں تھا، جناح برج کا کا م بھی بلدیہ عظمیٰ کراچی نے اسی پیپلزپارٹی کے نمائندہ میئر،ڈپٹی میئر، پیپلزپارٹی کے ٹاؤن چیئرمین،ممبران اسمبلی نے مل کر کام کیا اور آج نتیجہ یہ ہے کہ چاہے نیٹی جیٹی پل ہو، جناح برج ہو، آئی سی آئی برج ہو ان تمام جگہوں پر پیپلزپارٹی کی قیادت میں حل کئے جا رہے ہیں، بلاول کی سیاسی جماعت کام کر رہی ہے، انہوں نے کہا کہ جشن آزادی کو عظیم الشان طریقے سے پاکستان بھر میں منایا جا رہا ہے،پیپلزپارٹی کی قیادت میں جشن آزادی کو صوبہ سندھ کے اندر بھرپور طریقے سے منایا جا رہا ہے، اسی مناسبت سے ترقیاتی کاموں کے حوالے سے ایک اور آپ کو خوشخبری دوں کہ حب ڈیم سے نئی کینال لائی جارہی ہے جس پر دس مہینے کی قلیل مدت میں 100ایم جی ڈی کی نئی کینال کے کام کو مکمل کیا ہے اور14 اگست 2025 پاکستان کے آزادی کے دن اس 100 ایم جی ڈی کی لائن کا باضابطہ طور پر افتتاح کردیا جائے گا جو کہ کراچی شہر کے لئے اضافی پانی لے کر آئے گی جس سے ضلع غربی اور کیماڑی کی عوام کا دیرینہ مسئلہ بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں حل ہونے جا رہا ہے، انہوں نے کہا کہ جو مچھیرے یہاں بستے ہیں ان کے لئے ماڑی پور کا ٹی پی۔
(جاری ہے)
3 ہے جو کہ سیوریج کے پانی کو ٹریٹ کرتا ہے اس پر تیزی سے کام جاری ہے تاکہ سمندر کو محفوظ کیا جاسکے تاکہ مچھیروں کا گزربسر جو اس پانی سے ہوتا ہے اس کو ہم پورا کرسکیں، انہوں نے کہا کہ پچھلے دنوں وزیر اعلیٰ سندھ نے بلدیہ کے علاقے میں ایس آئی سی وی ڈی کے سیٹلائٹ سینٹر کا افتتاح کیا تھا اب وہاں کی عوام کو سرفراز رفیقی اسپتال یا جناح اسپتال نہیں جانا پڑتا، امراض قلب کا علاج بھی پیپلزپارٹی نے ان کے ڈسٹرکٹ میں ان کو دیا ہے، انہوں نے کہا کہ دو بڑے اسپورٹس کمپلیکس کا کام بھی تیزی سے جاری ہے، ایک ماڑی پور کے ٹاؤن میں اس سال کے آخر تک اس کام کو مکمل کرکے ماڑی پور کی عوام کے لئے کھول دیا جائے گا، اگلے سال مارچ تک 1.2 ارب روپے کی لاگت سے بلدیہ کے علاقے میں 25 ایکڑ پر محیط اسپورٹس کمپلیکس مکمل ہو جائے گا جس میں فٹ بال، ہاکی، فٹسال بچوں کیلئے، خواتین، بزرگوں اور بچوں کے لئے واکنگ ٹریک اور بچوں کے کھیلنے کی سہولت بھی مہیا کی گئی ہے، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ اس ملک میں، اس مٹی میں پیدا ہوا ہوں، اسی سے محبت کرتا ہوں،کراچی ایک خوبصورت گلدستہ ہے جہاں ہر زبان بولنے والا بستا ہے،تفریق کی سوچ نے اس شہر کو نقصان پہنچایا ہے، کیماڑی کو وفاقی حکومت نہیں دیکھتی، یہاں کام آپ کا بھائی کروا رہا ہے،انہوں نے کہا کہ حالیہ بجٹ میں شہر کی چھ تاریخی مارکیٹوں کو اصل حالت میں بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ کراچی کا تاریخی اور ثقافتی ورثہ محفوظ رکھا جا سکے،میرا کسی سے کوئی ذاتی اختلاف نہیں، ہم سب کو مل کر شہر کے مسائل حل کرنے ہوں گے، انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں کو دعوت دی کہ آئیے، چارٹر آف کراچی پر بات کریں، ایک اجتماعی لائحہ عمل بنائیں،تمام جماعتیں مل کر کراچی کی بہتری کے لیے کردار ادا کریں کیونکہ یہ شہر ہم سب کا ہے اور اس کی ترقی میں ہی سب کی بھلائی ہے۔