صوبہ پنجاب میں جرائم کی وارداتوں میں اضافہ تشویشناک ہے‘ جاوید قصوری

پیر 4 اگست 2025 17:29

صوبہ پنجاب میں جرائم کی وارداتوں میں اضافہ تشویشناک ہے‘ جاوید قصوری
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اگست2025ء)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ صوبہ پنجاب میں جرائم کی وارداتوں میں اضافہ تشویشناک ہے،پنجاب میں جرائم کی وارداتوں میں ہوشربا اضافہ ہوگیا ہے، خواتین اور معصوم بچوں کے ساتھ جنسی درندگی کے واقعات بھی تھم نہیں سکے، سفاک ملزمان بلا خوف و خطر آزادانہ دندناتے پھرتے ہیں اور کوئی پوچھنے والا نہیں،جرائم کی وارداتوں نے عوام سے سکھ کا چین چھین لیا ہے اور زندگی اجیرن بنادی ہے۔

انہو ں نے کہا کہ ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ سال ملک بھر میں جنوری سے نومبر تک 392 خواتین غیرت کے نام پر قتل ہوئیں۔ ان میں سے پنجاب میں 168، سندھ میں 151، خیبر پختونخوا میں 52، بلوچستان میں 19 جب کہ اسلام آباد سے دو کیسز رپورٹ ہوئے۔

(جاری ہے)

ملک میں گزشتہ برس ریپ کیسز کی تعداد 1969، گھریلو تشدد کے کیسز کی تعداد 299، جلائے جانے کے واقعات 30 اور تیزاب گردی کے 43 کیسز سامنے آئے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں جنگل کا قانون ہے۔ انصاف نام کی کوئی چیز نہیں۔ ملک کے اندر جس کی لاٹھی اس کی بھینس کا قانون رائج ہے۔ تھانہ کلچر اشرافیہ کو ریلیف فراہم کرتا ہے جبکہ غریب عوام اپنے ساتھ ظلم و زیادتی کے ہونے کے باوجود تھانہ جانے سے گھبراتے ہیں۔ جب تک عوام کا پولیس کے نظام پر اعتماد بحال نہیں ہوگا اس وقت تک حالات سازگار نہیں ہوسکتے۔

قانون کسی بھی معاشرے کے اجتماعی شعور کا عکاس ہوتا ہے، مگر المیہ یہ ہے کہ پاکستان میں الٹی گنگا بہتی ہے ، جو جتنا بڑا چور لیٹرا اور کرپٹ ہے اس کا اثرورسوخ بھی اتنا ہی زیادہ ہے ۔ امراء کے لئے الگ جبکہ غرباء کے لئے الگ نظام ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آئے روز پوش، گنجان آباد علاقوں اور اہم تجارتی مراکز میں ڈاکہ زنی، دن دیہاڑے گن پوائنٹ پر لوٹ مار نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے،معاشرے میں امن و امان برقرار رکھنا پولیس کے بنیادی فرائض میں شامل ہے لیکن ایسا محسوس ہوتا ہے کہ پولیس اپنے کام کے سوا سب کچھ کر رہی ہے۔

محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہاکہ پر امن اور کرپشن فری پاکستان ہر پا کستانی کا خواب ہے، اس کی تکمیل کے ضروری ہے کہ قوم محب وطن، پڑھی لکھی اور ایماندار قیادت کو موقع دے۔بر سر اقتدار آنے والی ہر حکومت نے عوام کو دھوکہ دیا اورجذبات کو مجروع کیا ہے، اس لئے عوام کو حکمرانوں سے اعتماد اٹھ چکا ہے ۔