مہاجر تشخص ہماری ریڈ لائن، اجرک کا تسلط قبول نہیں، آفاق احمد

پی پی، سندھو دیش تحریک کا 58سالہ اتحاد صوبے کیلئے سیکیورٹی رسک ہے،چیئرمین مہاجر قومی موومنٹ

پیر 4 اگست 2025 22:45

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اگست2025ء) مہاجر تشخص ہماری ریڈ لائن ہے، اگر آج اجرک کا تسلط قبول کرلیا تو کل مہاجر قوم کی شناخت کو خطرات لاحق ہوجائیں گے جسے ہم کسی صورت قبول نہیں کرسکتے۔ ان خیالات کا اظہار مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان)کے چیئرمین آفاق احمد نے سمن آباد آفس میں مہاجر عمائدین سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ آفاق احمد نے کہا کہ 1967 میں بننے والی پیپلز پارٹی کا 1972 میں شروع ہونے والی سندھو دیش تحریک سے پہلے دن سے اتحادہے، اس 58سالہ گٹھ جوڑ کی وجہ سے پی پی کا وجود ناصرف صوبے بلکہ ملک کیلئے بھی سیکیورٹی رسک ہے، یہ بات سمجھ سے بالاتر ہے کہ پس پردہ رہ کر ڈوریاں ہلانے والی قوتیں سب کچھ جانتے بوجھتے کیوں خاموش ہیں۔

آفاق احمد نے کہا کہ مہاجر اپنے حصے کی زمین اور روشن ثقافت ساتھ لے کر آئے تھے جبکہ سندھ کی ثقافت کا یہ حال ہے کہ رواں سال کے 6ماہ میں غیرت کے نام پر 133خواتین قتل ہوچکی ہیں، ایسی ثقافت سے ہمارا کوئی لینا دینا نہیں۔

(جاری ہے)

آفاق احمد نے کہا کہ مہاجر عوام و کارکنان کی جانب سے لگائے گئے قومی پرچم جئے سندھ کے علیحدگی پسند اتار رہے ہیں لیکن پولیس نوٹس لے رہی ہے نا اداری! ان حالات میں قومی پرچم لگانے والے مہاجروں نے پرچم اتارنے والے علیحدگی پسندوں کو سبق سکھانے کا فیصلہ کرلیا تو پھر حالات کی ذمہ داری مہاجر قوم پر عائد نہیں ہوگی اس لئے بہتر یہی ہے کہ علیحدگی پسندوں کی گرفتاری اور قومی پرچم کا تقدس یقینی بنایا جائے۔