ماضی میں پارٹی قیادت کو طرح طرح کے الزامات کے تحت پابندسلاسل ،مسلم لیگ(ن) سیاسی انتقام پر بالکل یقین نہیں رکھتی ، فرح ناز اکبر

لاڈلا جیل میں اپنے سرکردہ جرائم کی سزا بھگت رہے ہیں ،انہوں نے جو کارنامے سرانجام دئیے ان کے فیصلے حکومت نے نہیں عدالتوں سے ہونے ہیں،مسلم لیگی رہنما ووفاقی پارلیمانی سیکرٹری تعلیم

پیر 4 اگست 2025 21:15

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اگست2025ء)پاکستان مسلم لیگ(ن) شعبہ خواتین اسلام آباد کی صدرو رکن قومی اسمبلی ووفاقی پارلیمانی سیکرٹری تعلیم و پروفیشنل ٹریننگ وقومی ورثہ فرح ناز اکبر نے اپنے جاری بیان میں کہاہے کہ انتشاری ٹولے کو ملک کی ترقی ہضم نہیں ہورہی ،ایک بار پھر افراتفری کے منصوبے بنائے جارہے ہیں، پی ٹی آئی اقتدر کی ہوس میں مبتلا ہے،اسے ملک وقوم کے مفادات کے بجائے اپنے سیاسی مفادات عزیز ہیں جن کی تکمیل کی خاطر ہر منفی ہتھکنڈا استعمال کیاجا رہاہے لیکن یہ وقت ذاتی مفادات کے بجائے ملکی معیشت کو سنبھالادینے اور قوم کو مسائل سے چھٹکارا دلانے کی خاطر بھرپور کردار ادا کرنے کا وقت ہے جبکہ تنقید برائے تنقید کی سیاست سے کچھ حاصل نہیں ہوگا،مثبت وتعمیری تنقید ہی سے مسائل کے حل میں مدد مل سکتی ہے جس کاادراک پی ٹی آئی کی قیاد ت کوکرناچاہئیے،پی ٹی آئی سمیت تمام سیاسی جماعتوں کو اپنے ذاتی مفادات ترک کرکے مجموعی قومی مفادات کی تکمیل پرتوجہ دیناہوگی۔

(جاری ہے)

۔انہوں نے کہاکہ ماضی میں پارٹی قیادت کو طرح طرح کے الزامات کے تحت پابندسلاسل کیاگیا لیکن اس کے باوجود مسلم لیگ(ن) سیاسی انتقام پر بالکل یقین نہیں رکھتی اور بانی پی ٹی آئی کے جیل جانے میں بھی حکومت کاکوئی کردار نہیں ہے اس وقت وہ اپنے سرکردہ جرائم کی سزا بھگت رہے ہیں لیکن بانی پی ٹی آئی اس وقت انوکھا لاڈلابناہواہے اورا س کی ایک ہی ضد ہے کہ مجھے عدالتوں سے ماورا کسی طرح باہرنکالاجائے،آپ نے جو کارنامے سرانجام دئیے ہیں ان کے فیصلے حکومت نے نہیں عدالتوں سے ہونے ہیں۔

مسلم لیگی رہنما فرح ناز اکبر نے مزیدکہاکہ پاکستان سے باہر بیٹھے لوگوںکے ذریعے ریاست کے خلاف منفی پروپیگنڈا پروان چڑھایاجارہاہے جس کی مذمت کافی نہیں ا ن ملک دشمن عناصر کاکڑا محاسبہ کرنے کی ضرورت ہے تاکہ پاکستان کابین الاقوامی سطح پر امیج بہتر ہوسکے، بیرونی تعلقات دنیا میں نہایت اہمیت رکھتے ہیں جبکہ پی ٹی آئی نے اپنے دور اقتدار میں بین الاقوامی برادری سے تعلقات خراب کرکے پاکستان کو تنہا کرنے کی سازش رچی اور اب اداروں کی تذلیل کے ذریعے ملک کو کمزور کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کو اپنی صفوں کو درست کرنے کی کوشش نہیں کی اس پارٹی کو اپنی سوچ کی اصلاح کرنا ہوگی اور ایسے عناصر سے مکمل لاتعلقی اختیار کرناہوگی جو فوج وعدلیہ اور دیگر قومی اداروں کو نشانہ بنارہے ہیں،پاکستان ایک اسلامی جمہوری فلاحی ریاست ہے جس کے آئین میں اظہاررائے کی مکمل آزادی ہے جس کا مطلب ہر گز نہیں کہ جھوٹے الزامات اور کردار کشی سے سیاسی مقاصد حاصل کرنے کی سازش رچی جائے یہ گھٹیاپن سیاسی وجمہوری عمل کا حصہ نہیں بنایاجاسکتا۔