شہدائے پولیس کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے پولیس کمیونٹی سنٹر میں تقریب

وزیرمملکت داخلہ کی شرکت ،شہداء کی لازوال قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیاگیا

پیر 4 اگست 2025 21:15

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اگست2025ء)شہدائے پولیس کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے پولیس کمیونٹی سنٹر میں پروقارتقریب کا انعقاد کیاگیا،تقریب میں وزیرمملکت داخلہ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی ،تقریب میں شہداء کی لازوال قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیاگیا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد پولیس کے 67شہداء کو خراج عقید ت پیش کرنے کے لئے پولیس کمیونٹی سنٹر اسلام آباد میںپروقارتقریب کا انعقاد کیا گیا،جس میں وزیرمملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی،مہمان خصوصی نے یادگار شہداء پر حاضری دی ،پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی،اس موقع پر پولیس کے چاک و چوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی ،تقریب میں چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا،آئی جی اسلام آباد سیدعلی ناصررضوی ،اسلام آباد پولیس کے سینئر افسران، شہدائے پولیس کے اہلخانہ وبچوں ،تاجربرادری کے نمائندگان اور سول سوسائٹی کے اراکین نے شرکت کی،مہمان خصوصی نے سینئر پولیس افسران کے ہمراہ شہداء کے اہلخانہ سے ملاقات کی ،تقریب میں اسلام آباد پولیس کے شہداء کی ملک و قوم کے لئے لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا،اس موقع پر تقریب کے شرکاء کو شہدائے پولیس پر فلمائی گئی ڈاکومنٹریز اور ویڈیوز بھی دکھائی گئی،وزیرمملکت برائے داخلہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد پولیس کے شہداء نے ملک و قوم کی حفاظت کے لئے فرض کی ادائیگی کے دوران اپنے جانیں پیش کیں،ان کی ملک و قوم کے لئے یہ قربانیاں ہمیشہ سنہرے حروف میں یاد رکھی جائیں گی،انہوں نے مزید کہا کہ "یوم شہداء پولیس "شہدا ء کی قربانی کو خراج تحسین پیش کرنے اور تجدید عہد کا دن ہے ، شہدا نے اپنا آج قربان کر کے ہمارا کل محفوظ بنایا ہے، فرض کی راہ میں عظیم قربانیاں پیش کرنے والے شہدا ء ہمارا فخر ہیں،وزیرمملکت برائے داخلہ نے مزید کہا کہ شہداء اسلام آباد پولیس کی قربانیوں کی بدولت وفاقی دارلحکومت اسلام آباد دنیا کا محفوظ ترین شہر قرار پایا،اسلام آباد پولیس نے وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں وقوع پذیر ہونے والے 97فیصد بڑے کیسز کو ریکارڈ ٹائم پر حل کرتے ہوئے تمام ملزمان کو گرفتارکیا ،میں فخر سے کہہ سکتا ہو کہ اسلام آباد پولیس پاکستان کی تمام پولیس میں اول نمبر پر ہیں ،اس موقع پر آئی جی اسلام آباد سید علی ناصررضوی نے کہا کہ شہدا ء پولیس کے عظیم احسانات اور قربانیاں لازوال ہیں، ہم دکھ سکھ کی ہر گھڑی میں شہدا ء کے اہلخانہ کے ساتھ کھڑے ہیں ،اسلام آباد پولیس کے 67شہدا ء نے فرض کی راہ میں اپنی جانوں کی قربانیاں دیں ،ہم فرض کی راہ میں لازوال قربانیاں پیش کرنے والے شہدا ء کے بچوں کے وارث ہیں،انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد پولیس کسی لمحے اپنے شہداء کی قربانیوں کو نہیں بھولی، زند ہ قومیں اپنے شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرتیں،ملک کے امن کی خاطر جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے بہادر سپوت اسلام آباد پولیس کا قابل فخر سرمایہ ہیں ،انہی شہداء کی قربانیوں کی بدولت ہم چین کی نیند سوتے ہیں،تقریب کے اختتام پر مہمان خصوصی نے شہداء کے بچوں سے ملاقات کی اور تحائف تقسیم کئے ۔