پاکستان وزیرِاعظم شہباز شریف کے وژن کے مطابق کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے، عمران شاہ

جب تک بھارت 5 اگست 2019 کے غیرقانونی اقدامات واپس نہیں لیتا، جنوبی ایشیا میں پائیدار امن ممکن نہیں،وفاقی وزیرکاپیغام

پیر 4 اگست 2025 21:15

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اگست2025ء)وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ، سید عمران احمد شاہ نے یومِ استحصال کشمیر کے موقع پر کہا ہے کہ پاکستان وزیرِاعظم شہباز شریف کے وژن کے مطابق کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ 5 اگست 2019 کو بھارت کی جانب سے کیے گئے اقدامات نہ صرف غیرقانونی ہیں بلکہ اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کی بھی صریح خلاف ورزی ہیں۔

بھارت نے جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت چھین کر وہاں انسانی حقوق کو بری طرح پامال کیا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ اقوامِ متحدہ اور دیگر عالمی اداروں کو چاہیے کہ وہ کشمیریوں کے حقِ خود ارادیت کے لیے آواز اٹھائیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کشمیری عوام کی پرامن جدوجہد کو طاقت کے زور پر دبانے کی ہر کوشش ناکام ہوگی۔

(جاری ہے)

سید عمران احمد شاہ نے کہا کہ کشمیری عوام اپنے بنیادی انسانی، سیاسی اور جمہوری حق کے حصول کی جدوجہد سے کبھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ اقوامِ متحدہ کے اداروں اور آزاد میڈیا کو مقبوضہ کشمیر میں جانے کی اجازت دی جائے تاکہ دنیا کو وہاں کی اصل صورتحال سے آگاہی حاصل ہو۔انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی مسلسل حمایت کرتا رہے گا۔انہوںنے کہاکہ جب تک بھارت 5 اگست 2019 کے غیرقانونی اقدامات واپس نہیں لیتا، جنوبی ایشیا میں پائیدار امن ممکن نہیں۔انہوں نے کہا کہ یومِ استحصال خاموشی کا نہیں، بلکہ حق اور انصاف کے لیے آواز بلند کرنے کا دن ہے۔وفاقی وزیر نے یہ عزم کیا کہ کشمیریوں کو ان کا جائز حقِ خودارادیت دلوانے تک پاکستان کی جدوجہد جاری رہے گی۔