گلگت بلتستان کے عوام ہمیشہ کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں ،وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان

پیر 4 اگست 2025 23:50

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اگست2025ء) وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان گلبر خان نے یوم استحصال کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ 5 اگست کو پاکستان سمیت پوری دنیا میں مقیم کشمیری عوام یوم استحصال کے طور پر منا رہے ہیں۔ 5 سال قبل اسی دن غاصب بھارت کے نام نہاد جمہوریت کا نقاب دنیا کے سامنے اُس وقت عیاں ہوا جب اقوام متحدہ کی قراردادوں کے باوجود بھارت نے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدام کے ذریعہ مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر دی اور مقبوضہ کشمیر کو فوجی چھائونی میں تبدیل کر دیا۔

بھارت کے اس ظالمانہ اقدام کو پاکستان اور مقبوضہ کشمیر کے غیور عوام نے یکسر مستر د کیا اور آج تک اس اقدام کیخلاف ہر فورم میں احتجاج کر رہے ہیں۔کشمیری عوام دہائیوں سے بھارتی قبضہ کے خلاف جو جدو جہد کر رہے ہیں اُن کی آزادی کی اس خواہش کو دبایا نہیں جاسکتا۔

(جاری ہے)

گلگت بلتستان کے عوام ہمیشہ اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور حق خود ارادیت کے حصول تک ان کی مکمل حمایت جاری رکھیں گے۔ ہمیں یقین ہے کہ مظلوم کشمیریوں کی جدو جہد ضرور رنگ لائے گی اور ایک دن وہ اپنی آزادی کا سورج دیکھیں گے۔ اقوام متحدہ اور عالمی برادری جنوبی ایشیاء میں مستقل قیام امن کیلئے اپنی قراردادوں پر عمل کرائے اور بھارت کے اس اقدام کے خلاف اپنا کردار ادا کریں۔