پی ٹی آئی کے نو مئی حملوں کے سارے چہرے شناخت کیے جا سکتے ہیں، وزیراطلاعات

پتہ نہیں احتجاج علیمہ گروپ کر رہا ہے، بشریٰ گروپ، گنڈاپور گروپ یا شیرافضل مروت گروپ کررہا ہے؛ عطا تارڑ کا طنز

Sajid Ali ساجد علی منگل 5 اگست 2025 11:42

پی ٹی آئی کے نو مئی حملوں کے سارے چہرے شناخت کیے جا سکتے ہیں، وزیراطلاعات
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 اگست 2025ء ) وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ نو مئی کو پی ٹی آئی نے جو حملے کیے اس کے سارے چہرے شناخت کیے جا سکتے ہیں۔ میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ نو مئی کو کرنل شیر خان سمیت کئی شہدا کی یادگاروں کو نشانہ بنایا گیا، نو مئی کے واقعات ہم نے تو نہیں کیے، ڈیڑھ سال بعد ان کو سزا ہوئی ہے، آپ نے جو حملے کیے سارے چہرے شناخت کیے جا سکتے ہیں، اب یہ کون سے انصاف کا قتل ہے، تحریک انصاف اس وقت مختلف گروپس میں تقسیم ہے، پتہ نہیں احتجاج علیمہ گروپ کررہا ہے، بشریٰ گروپ،گنڈاپور گروپ یا شیرافضل مروت گروپ کررہا ہے۔

بعد ازاں اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عطاء تارڑ نے کہا کہ آج کا دن تاریخ کے سیاہ ترین دنوں میں گنا جائے گا، کشمیر کا مقدمہ پاکستان لڑتا رہا ہے اور لڑتا رہے گا، پاکستان کشمیریوں کی ہر طرح سے حمایت جاری رکھے گا، ہم کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے، ایک دن کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت ملے گا، ہم کشمیری بہن بھائیوں کو پیغام دیتے ہیں کہ ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ فیلڈ مارشل نے جس طرح سے معرکہ سرنجام دیا وہ دنیا میں یاد رکھا جائے گا، بھارت کو عسکری اور سفارتی سطح پر بھی منہ کی کھانا پڑی، معرکہ حق کی فتح سے کشمیری بہن بھائیوں کا بھی حوصلہ بلند ہوا ہے، بھارت نے میلی آنکھ سے دیکھا تو بھارتی جہاز ہی نہیں مودی کا غرور بھی گرا ہے، افواجِ پاکستان اور پاکستانی قوم نے دشمن کا مقابلہ کیا جسے تاریخ میں لکھا جائے گا، افواجِ پاکستان نے جیسے بھارت کے خلاف مقابلہ کیا وہ کیس اسٹڈی بن گیا ہے، افواجِ پاکستان کا کردار مختلف ملٹری اسکولوں میں پڑھایا جائے گا۔