کنٹرول لائن کے دونوں جانب، پاکستان اور دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں نے یوم استحصال کشمیر کو یوم سیاہ کے طور پر منایا

منگل 5 اگست 2025 16:09

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اگست2025ء) کنٹرول لائن کے دونوں جانب، پاکستان اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری آج یوم استحصال کشمیر کو یوم سیاہ کے طور پر منایاتاکہ بھارت کے 5اگست 2019کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کے خلاف احتجاج ریکارڈ کرایا جاسکے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یوم سیاہ منانے کی اپیل کل جماعتی حریت کانفرنس اور دیگر آزادی پسندتنظیموں نے کی تھی۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے نظربند چیئرمین مسرت عالم بٹ نے نئی دہلی کی تہاڑ جیل سے جاری ایک پیغام میں لوگوں سے اپیل کی تھی کہ وہ مقبوضہ علاقے میں مکمل ہڑتال، سول کرفیو اور احتجاجی ریلیوں کا اہتمام کریں۔ انہوں نے کہا کہ 5اگست کے مودی حکومت کے یکطرفہ اقدامات کا مقصد جموں و کشمیر کو زبردستی ضم کرنا اور اس کے مسلم اکثریتی تشخص کو مٹانا تھا۔

(جاری ہے)

جیل میں نظربند حریت رہنما بلال صدیقی نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد ہی تنازعہ کشمیر کا واحد پرامن حل ہے۔وادی کشمیر اور جموں خطے کے مختلف علاقوںمیں جیلوں میں نظر بند ممتاز حریت رہنمائوں کی تصاویر والے پوسٹر چسپاں کئے گئے جن میں کہاگیا کہ کشمیری بھارتی قبضے کو مسترد کرتے ہیں۔ پوسٹروںمیں اقوام متحدہ، او آئی سی اور یورپی یونین سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ زمینی حقائق کا جائزہ لینے کے لیے اپنی ٹیمیں مقبوضہ علاقے میں بھیجیں۔