آزادکشمیر کی طرح ضلع جہلم ویلی میں بھی یوم استحصال کشمیر بھر پور انداز میں منایاگیا

منگل 5 اگست 2025 18:39

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اگست2025ء) آزادکشمیر کی طرح ضلع جہلم ویلی میں بھی یوم استحصال کشمیر بھر پور انداز میں منایاگیا۔ اس موقع پر ہٹیاں بالا پل بازار میں 10 بجے سائرن بجا کر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی ۔ اس موقع پر ریلی بھی نکالی گئی جو پل بازار سے شروع ہو کر پریس کلب پر اختتام پذیر ہوئی، ریلی کی قیادت ڈپٹی کمشنر بینش جرال اور ایس پی جہلم ویلی نے کی ،ریلی میں سول سوسائٹی، سیاسی وسماجی شخصیات، بلدیاتی نمائند گان، ضلعی انتظامیہ، انجمن تاجران، وکلا، الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا کے نمائند گان اور طلبہ نے شرکت کی، اس دوران مکمل شٹرڈاون رہا اور تمام بازار میں سیاہ پرچم آویزاں تھے، لوگوں نے سیاہ جھنڈے اور بینرز اٹھا رکھے تھے ،ریلی میں کشمیریوں کی حمایت میں اور بھارت کے خلاف نعرے لگائے گئے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مقررین نے کہا کہ پانچ اگست کشمیرکی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے5اگست 2019کو آرٹیکل 370 اور A 35 کی منسوخی عالمی قرارداوں کی سنگین خلاف ورزی ہے، یہ اقدام کشمیری عوام کے تشخص اور آ ئینی حقوق پر حملہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم افواج پاکستان کو آپریشن بنیان مرصوص کی شاندار کامیابی اور ملک کے دفاع پر مبارک باد دیتے ہیں اور انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ پوری قوم پاک افواج کے ساتھ ہے، کشمیری عوام کی حمایت میں افواج پاکستان کے موقف کی بھر پور تائید کرتے ہیں ۔ انہوں نے عالمی برادری،اقوام متحدہ ،او ائی سی اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ کشمیری عوام کو حق خودارادیت دلوانے کے لیے فوری عملی اقدامات کئے جائیں ، بھارت پر دباؤ ڈال کر جموں و کشمیر سے فوجی محاصرہ ختم کروایا جائے، میڈیا بلیک آؤٹ ،انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں، ماورائے عدالت قتل ، گرفتاریاں بند کرائی جائیں۔ تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی کےلئے ہر فرد کو کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ کشمیری مائوں ، بہنوں اور بھائیوں کی قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی۔ آخر میں جموں و کشمیر کی آزادی کے لئے دعاکی گئی۔