نااہلی ریفرنس،الیکشن کمیشن میں عمر ایوب کی عدم پیشی پر سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی

مئی کو اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے اپوزیشن لیڈر کی نااہلی کا ریفرنس الیکشن کمیشن کو بھجوایا تھا

منگل 5 اگست 2025 18:41

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اگست2025ء)الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے نااہلی کے ریفرنس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب کی عدم پیشی کے باعث ریفرنس پر سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی۔میڈیا رپورٹ کے مطا بق الیکشن کمیشن میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کے خلاف نا اہلی کے ریفرنس پر سماعت چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 5 رکنی بینچ نے کی، تاہم عمر ایوب آج بھی پیش نہیں ہوئے۔

جونیئر وکیل نے الیکشن کمیشن کو بتایا کہ وکیل پشاور ہائی کورٹ میں ہیں، اس لیے پیش نہیں ہوئے، اگلی تاریخ دے دی جائے۔چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیے کہ انہیں اگلی تاریخ دے دیں، اس کے بعد الیکشن کمیشن نے عمر ایوب نااہلی کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ 30 مئی کو قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق نے ایوان زیریں میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان کی نااہلی کا ریفرنس الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کو بھجوایا تھا۔

یہ ریفرنس سابق ایم این اے بابر نواز کی جانب سے دائر درخواست پر مبنی ہے، جو 2024 کے عام انتخابات میں این اے 18 (ہری پور) سے عمر ایوب خان سے 82 ہزار ووٹوں کے فرق سے ہار گئے تھے۔ای سی پی نے فوری طور پر ریفرنس کی پہلی سماعت 4 جون کو مقرر کردی تھی اور عمر ایوب اور بابر نواز دونوں کو نوٹسز جاری کر دیے گئے تھے۔