پاکستان عوامی تحریک کراچی کے جنرل سیکرٹری الیاس مغل کشمیر کے دورہ کے بعد کراچی پہنچ گئے

منگل 5 اگست 2025 22:34

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اگست2025ء)پاکستان عوامی تحریک کراچی کے جنرل سیکرٹری اور مرکزی سیکرٹری جنرل ملت کشمیر ہیومن رائٹس وصدائے ملت انٹر نیشنل نامور کشمیری سیاسی و سماجی رہنماء الیاس مغل آزاد کشمیر کے دو ماہ کے نجی دورہ کے بعد گزشتہ روز کراچی پہنچ گئے جہاں پاکستان عوامی تحریک کے آرگنائزر عدنان رئوف انقلابی،ڈپٹی سیکرٹری جنرل مطیع الرحمن آسی،سیکرٹری اطلاعات جمیل اختر بٹ،ممبر سوشل میڈیا صدام مغل نے استقبال کیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے الیاس مغل نے کہا جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن کیلئے مسئلہ کشمیر کا منصفانہ حل ناگزیر ہے مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق ہونا چاہیے۔بھارت نے طاقت کے نشے میں فورسز کے زریعے کشمیر پر ناجائز قبضہ جما رکھا ہے طاقت سے جذبہ آزادی دبایا نہیں جا سکتا۔

(جاری ہے)

اس وقت فلسطین اور کشمیر میں انسانی تاریخ کا سب سے بڑا ظلم جبر اور انسانی حقوق کی پامالی جاری ہے۔

عالمی طاقتیں دنیا میں پائیدار امن کے بجائے تنازعات کو الجھا رہی ہیں ۔انھوں نے کہا اس وقت اسرائیل اور بھارت دونوں کی پالیسی دہشت گردی اور انسانیت کا قتل ہے ۔اسرائیل اور بھارت دونوں کے ہاتھ لاکھوں مسلمانوں کے قتل عام سے رنگے ہوئے ہیں مگر افسوس عالمی دنیا کی دوغلی پالیسی نے دنیا کے امن کو خطرات سے دوچار کر رکھا ہے۔الیاس مغل نے کہا آزاد جموں و کشمیر میں جاری عوامی حقوق کی تحریک کی غیر مشروط حمایت کا اعلان کرتے ہیں کشمیری قوم نے اپنے حق کیلئے جس اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کیا دنیا میں اسکی مثال نہیں ملتی کشمیر عوام پہلے اپنا آئینی حق مانگتے ہیں نہ ملنے پر اپنا حق چھیننے کی راہ پر گامزن ہیں پاکستانی قوم کو بھی ظالم حکمرانوں کے تسلط سے اپنا حق لینے کیلئے کشمیر ی قوم سے سیکھنا ہو گا۔