مقررین سیمینار کاکشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت کا اعادہ

منگل 5 اگست 2025 21:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اگست2025ء) یوم استحصال کشمیر کے سلسلے میں اسلام آباد میں منعقدہ ایک سیمینار کے مقررین نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہاہے کہ پورا ملک حق خودارادیت کی جدوجہد میں کشمیریوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فرینڈز آف کشمیر انٹرنیشنل کی جانب سے کشمیر ہائوس اسلام آباد میں منعقدہ سیمینار کی صدارت چیئرپرسن غزالہ حبیب نے کی۔

اس موقع پر چیئرمین کشمیر کمیٹی رانا قاسم نون مہمان خصوصی تھے۔ممتاز مقررین میں ورلڈ مسلم کانگریس کے جنرل سیکرٹری راجہ ظفرالحق، آزاد جموں و کشمیر کے سابق صدر سردار مسعود خان، سینئر صحافی نسیم زہرہ، کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادکشمیر شاخ کے سینئر رہنما محمد فاروق رحمانی، انسانی حقوق کے کارکن آفتاب سلہری اور جماعت اسلامی پاکستان کے سابق امیر سراج الحق شامل تھے۔

(جاری ہے)

سیمینار کی نظامت کا فریضہ عبدالحمید لون نے انجام دیا۔مقررین نے بھارت کے 5اگست 2019کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کی شدید مذمت کی جن کے تحت دفعہ370اور 35-Aکو منسوخ کر کے جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کردی گئی۔ انہوں نے ان اقدامات کو کشمیریوں کی شناخت مٹانے اور انہیں زمینوں، بنیادی حقوق اور وقار سے محروم کرنے کی دانستہ کوشش قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ جموں وکشمیرکو ایک کھلی جیل میں تبدیل کر دیا ہے جہاں بے گناہ لوگوں کو شہید، نظربند اور غیر انسانی سلوک کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔مقررین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ تنازعہ کشمیر کو اس وقت تک تمام بین الاقوامی فورمز پر اجاگرکیا جائے گا جب تک کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی طرف سے تسلیم شدہ حق خود ارادیت نہیں مل جاتا۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان ہمیشہ کشمیریوں کی حمایت کرتارہا ہے اور وہ مقبوضہ جموں وکشمیرکے مظلوم عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت کبھی ترک نہیں کرے گا۔انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی خاموشی ترک کرے اور مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر بھارت کو جوابدہ ٹھہرائے۔انہوں نے پاکستان میں تمام سیاسی جماعتوں، سول سوسائٹی اور میڈیا میں اتحاد کی ضرورت پر زور دیا تاکہ کشمیر کاز کو زندہ رکھا جا سکے اور کشمیریوں کی آواز پوری دنیا تک پہنچائی جاسکے۔