قومی اسمبلی میں فلسطین سے اظہارِ یکجہتی کی قرارداد منظور

بدھ 6 اگست 2025 18:38

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اگست2025ء) قومی اسمبلی نے غزہ میں اسرائیلی افواج کی بڑھتی ہوئی جارحیت کی شدید مذمت اور فلسطینی عوام سے مکمل یکجہتی کے اظہار کی قرارداد منظور کر لی۔بدھ کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں یہ قرارداد پاکستان پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی شازیہ مری نے پیش کی جسے ایوان نے بھرپور حمایت کے ساتھ منظور کیا۔

قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ ایوان نے فلسطینی عوام اور ان کی آزادی، وقار اور انصاف پر مبنی جدوجہد کے لئے پاکستان کی تاریخی اور غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔ قرارداد میں غزہ کی پٹی میں جاری اسرائیلی حملوں، عام شہریوں کی شہادت، گھروں اور بنیادی ڈھانچے کی تباہی اور انسانی بحران پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔

(جاری ہے)

قرارداد میں اسرائیلی حکام کی جانب سے غزہ پر طویل قبضے، جبری بے دخلی اور فلسطینی شناخت کو مٹانے کے حالیہ بیانات اور اقدامات کی شدید مذمت کی گئی۔

ایوان نے شہری علاقوں بشمول ہسپتالوں، سکولوں، عبادت گاہوں اور پناہ گزین کیمپوں کو نشانہ بنانے اور انسانی امداد کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کو بین الاقوامی انسانی و انسانی حقوق کے قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔قرارداد میں قحط، محاصرے اور اجتماعی سزا جیسے ظالمانہ ہتھکنڈوں کو جنگی جرائم قرار دیتے ہوئے اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ اپنی اخلاقی و قانونی ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے فوری اور مؤثر اقدامات کریں تاکہ غزہ میں اسرائیلی جارحیت کا خاتمہ ہو ، شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے اور انسانی امداد کی بلارکاوٹ فراہمی ممکن ہو، قابض ریاست کو جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم پر جوابدہ ٹھہرایا جائے، فلسطینی عوام کو انصاف اور حقِ خودارادیت کی جدوجہد میں مکمل حمایت فراہم کی جائے۔

ایوان نے حکومت پاکستان پر زور دیا کہ وہ اقوام متحدہ، او آئی سی اور دیگر عالمی فورمز پر فلسطینی عوام کی حمایت میں اپنی آواز بلند رکھے اور اپنی سفارتی، اخلاقی اور انسانی مدد کو مزید وسعت دے۔ قرارداد میں غزہ کے بہادر اور ثابت قدم عوام سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ پاکستانی قوم فلسطینی کاز کے ساتھ ڈٹ کر کھڑی ہے اور یہ حمایت اس وقت تک جاری رہے گی جب تک فلسطینی عوام کو مکمل انصاف اور ان کے جائز حقوق حاصل نہیں ہو جاتے۔